لاہورودیگرمقامات پر آندھی ،موسلا دھار بارش

لاہورودیگرمقامات پر آندھی ،موسلا دھار بارش

لاہور،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر سے ،اپنے کامرس رپورٹر سے ،اپنے رپورٹرسے ) لاہور،اسلام آباد،راولپنڈی اوردیگر شہروں میں تیز آندھی اورموسلا دھار بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔

لاہورمیں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایات پر وائس چیئرمین واسا لاہور چودھری شہباز اور ایم ڈی واسا غفران احمد نے بارش پرفیلڈ مختلف شاہراہوں، علاقوں ، انڈر پاسز کا معائنہ کیا اور ڈسپوزل سٹیشن و مون سون ایمرجنسی کیمپس پر سٹاف و مشینری کو متحرک رہ کر تمام شاہراہوں کو فی الفور کلیئر کرنے کا حکم دیا۔ لاہور میں آندھی اور بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا، لیسکو کے 330 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ،فیڈرز ٹرپ ہونے ودیگر تکنیکی خرابیوں سے شہر کے کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی ،شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ آندھی سے بند روڈکوریڈور پراجیکٹ پر لائٹ کا پول گرنے سے موٹر سائیکل سوار اور ایک شہر ی زخمی ہوگیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے ناخوشگوار واقعہ کا نوٹس لیکر پراجیکٹ ڈائریکٹر سے رپورٹ طلب کر لی اورہدایت کی کہ کوریڈور پرفوری حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔ اسلام آباد،راولپنڈی ودیگرمقامات پرطوفان باد وباراں اور تیز بارش سے پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کا نظام معطل ہوگیا، متعدد مقامات پردرخت اور بورڈ ز گرپڑے ۔ آج خطۂ پوٹھوہار ، بالائی خیبر پختونخوا ،بالائی پنجاب اور کشمیر میں مزید بارش کا امکان ہے ۔سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں 60، کاکول 15، دیر بالا 12، زیریں 3، پاراچنار 7، بالاکوٹ 6، پٹن، سیدو شریف 5، پشاور ایئرپورٹ، مردان ایک، اسلام آباد 45، راولپنڈی 34، چکوال 6، سیالکوٹ ، گوجرانوالہ 5، اٹک 4، کراچی14، ٹھٹھہ 14، راولاکوٹ 10 ،مظفر آباد 5گڑھی دوپٹہ اور کوٹلی میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں