فیض آباد:ٹی ایل پی کا دھرنا جاری،ٹریفک بلاک،شہریوں کو مشکلات

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )تحریکِ لبیک پاکستان کا فیض آباد میں فلسطین کے حق اوراسرائیل کے خلاف دھرنادوسرے رو ز بھی جاری رہا ۔
ٹی ایل پی کارکنوں نے لبیک یا اقصیٰ مارچ نکالتے ہوئے فیض آباد پہنچ کر تین مطالبات پیش کر دئیے جن کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کردیا ، دھرنے کے باعث فیض آباد سے ٹریفک کے تمام راستے بند کرد ئیے گئے ،تحریک لبیک کے کار کنوں نے فیض آباد فلائی اوور کے اوپر اور نیچے اسلام آباد ایکسپریس وے کو بند کر دیا جس سے براستہ فیض آباد راولپنڈی سے اسلام آباد اور لاہور مری جا نے ا ور آنے والی ٹریفک بلاک ہوگئی جس کے باعث شہریوں کو نہ صرف مشکلات کا سامنا ہے بلکہ شہری متبادل راستے اختیار کرنے پر مجبور ہیں، تحریک لبیک کے سربراہ علامہ سعد رضوی نے واضح کیا کہ جب تک ہمارے مطالبات منظور نہیں ہوتے ہم ادھر ہی بیٹھے ہیں ۔ حکومت پاکستان سے صرف3مطالبات ہیں۔ مظلوم فلسطینیوں تک غذائی و طبی امداد فی الفور پہنچائی جائے ،حکومت سرکاری سطح پر اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کرے ،اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کو دہشت گرد قرار دیا جائے ۔ دوسری جانب عوامی مشکلات کے پیش نظر مقامی انتظامیہ نے مظاہرین کی تین رکنی ٹیم سے مذاکرات شروع کر د ئیے ہیں ۔