شاہ محمود ، یاسمین راشد سمیت 9 ملزموں پر فرد جرم عائد

شاہ محمود ، یاسمین راشد سمیت  9 ملزموں پر فرد جرم عائد

لاہور(اپنے خبر نگار سے)لاہور کی انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت نے تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی سمیت 9 ملزموں پر فرد جرم عائد کر دی۔

عدالت نے گواہان کو 18 جولائی کو طلب کر لیا جبکہ عدالت نے تھانہ ریس کورس جلاؤ گھراؤ سمیت چار مقدمات میں چالان طلب کرتے ہوئے سماعت 22 جولائی تک ملتوی کر دی ،لاہور کی انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت کے جج خالد ارشد نے نو مئی کے پانچ مقدمات کی کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کی ، پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل سے کوٹ لکھپت جیل لایا گیا، دیگر ملزموں نے کوٹ لکھپت جیل میں قائم عدالت میں پیش ہو کر حاضری لگوائی، دوران سماعت سرکاری وکیل نے بتایا کہ تھانہ شادمان نذر آتش کے مقدمے میں شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد ہونی ہے ،عدالت نے نو مئی کو تھانہ شادمان نذر آتش کرنے کے مقدمہ میں شاہ محمود قریشی ، ڈاکٹر یاسمین راشد ، اعجاز چوہدری ، عمر سرفراز چیمہ سمیت9ملزموں پر فرد جرم عائد کر دی ، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا، عدالت نے گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 18 جولائی تک ملتوی کر دی۔انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ نو مئی کے چار مقدمات میں پراسیکیوشن کو تتیمہ چالان آئندہ سماعت پر پیش کرنے کی ہدایت کر دی ۔عدالت نے چالان طلب کرتے ہوئے چار مقدمات کی جیل سماعت 22 جولائی تک ملتوی کرنے کا حکم دے دیا ۔ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڈ، ریس کورس اور تھانہ شادمان میں مقدمات درج ہیں ۔انسداد دہشت گردی عدالت نے دلائل سننے کے بعد ڈاکٹر یاسمین راشد ، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چودھری کی ایک ایک مقدمہ میں ضمانت منظور کرنے کا حکم سنا دیا، عدالت نے فواد چودھری سمیت دیگر ملزموں کی ضمانتوں میں 20 جولائی تک توسیع کا حکم دے دیا ۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے پی ٹی آئی قائدین کی ضمانتوں پر سماعت کی ۔عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی مسلم لیگ ن ہاؤس جلاؤ گھراؤ کیس میں ضمانت منظور کرنے کا حکم دیا ۔عدالت نے عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کی گلبرگ جلاؤ گھراؤ کیس میں ضمانت منظور کرنے کا حکم سنایا ۔ عدالت نے ملزموں کو ایک ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں