پی ٹی آئی پر پا بندی:پارٹی رہنماؤں کے بیان ذاتی،مشاورت کرینگے:پیپلز پارٹی

پی ٹی آئی پر پا بندی:پارٹی رہنماؤں کے بیان ذاتی،مشاورت کرینگے:پیپلز پارٹی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی پر پابندی کے حوالے سے پارٹی رہنماؤں کے بیانات کو ذاتی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلہ پر مشاورت کرینگے ۔

پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکرٹری جنرل نیئرحسین بخاری نے کہا کہ فرحت اللہ بابر کا وفاقی حکومت کے فیصلے کے خلاف ٹویٹ انکی ذاتی رائے ہے ، فرحت اللہ بابر کا ٹویٹ پارٹی پالیسی نہیں پیپلزپارٹی کے جن رہنمائوں نے بیان دیا ہے یہ انکی ذاتی رائے ہے ، نیئر بخاری نے کہا کہ پیپلزپارٹی اپنا موقف اپنے ترجمان یا متعلقہ لوگوں کے ذریعے ہی جاری کرتی ہے ،پارٹی قیادت مشاورت کے بعد ہی اپنی کوئی رائے دے گی۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے کہا ہے کہ حکومت نے پیپلزپارٹی کو اس فیصلے پر اعتماد میں نہیں لیا، ہم حکومت کے اس فیصلے سے متعلق پارٹی میں مشاورت کریں گے ۔ تحریک انصاف پر پابندی لگانے کے حکومتی فیصلے پر''ردعمل'' میں انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی خود کو سیاسی جماعت کہتی ہے تو اسے اپنا رویہ بھی سیاسی بنانا ہوگا۔ پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمن نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ تحریک انصاف پر پابندی لگانے سے متعلق ان کی جماعت سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی عندیہ دیا گیا۔ایک انٹرویو میں شیری رحمن نے کہا ہمیں کوئی عندیہ نہیں تھا کہ ایسی کوئی بات ہونے لگی ہے ، اس طرح کا قدم لیا جا رہا ہے ، کسی قسم کی پیش رفت ہو رہی ہے یا اس حوالے سے کوئی کام ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا ایسے اقدامات سے قبل تیاری چاہیے ہوتی ہے ، سوچ بچار ہوتی ہے اور اجتماعی دانش سے ہی بہتر فیصلے کیے جاتے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں