صنم کومزید کسی مقدمہ میں گرفتار نہیں کیاجائیگا،اٹارنی جنرل

صنم کومزید کسی مقدمہ میں گرفتار نہیں کیاجائیگا،اٹارنی جنرل

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے صنم جاوید کی گرفتاری غیرقانونی قرار دے کر رہائی کی درخواست نمٹا دی جبکہ وکیل نے صنم جاوید کی جانب سے نامناسب الفاظ استعمال نہ کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

گزشتہ روز جاوید اقبال خان کی جانب سے دائر اپنی بیٹی صنم جاوید کی بازیابی درخواست پر سماعت کے دوران صنم جاوید اپنے وکیل میاں علی اشفاق کے ہمراہ عدالت پیش ہوئی،اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان ا عوان،ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل،پولیس حکام اور دیگر بھی عدالت پیش ہوئے ،اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا کہ صنم جاوید کومزید کسی مقدمہ میں گرفتار نہیں کیاجائے گا، صنم جاوید اب آزاد ہیں اپنے صوبے میں جا سکتی ہیں،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ میں نے انٹرنیٹ پر دیکھا کہ صنم جاوید بہت نامناسب زبان استعمال کرتی ہے ، جسٹس حسن اورنگزیب نے وکیل سے استفسار کیاکہ آپ گارنٹی دیتے ہیں کہ صنم جاوید مزید نامناسب گفتگو نہیں کرے گی؟ جس پر میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ نے یقین دہانی کرائی کہ جی، صنم جاوید آئندہ نامناسب الفاظ استعمال نہیں کرے گی،عدالت نے صنم جاوید کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے بازیابی کیلئے دائر درخواست نمٹا دی۔ادھر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا کی عدالت نے ڈیوٹی جج کی جانب سے صنم جاوید کو ایف آئی اے کے مقدمہ سے خارج کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات نہ ملنے پر سماعت ملتوی کردی۔جج نے کہا کہ میں ہائیکورٹ کا پابند ہوں اس کے آرڈر کے خلاف نہیں جاسکتا،اسلام آباد ہائیکورٹ کا تحریری فیصلہ آجائے پھر اس کو آگے بڑھائیں گے ،عدالت نے کیس کی سماعت آج تک ملتوی کردی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید نے کہا ہے کہ ڈرنے جھکنے اور بکنے والی نہیں ہوں۔مریم نواز ،شہباز شریف اور نواز شریف کو بے نقاب کروں گی۔پارلیمنٹ کے راستوں سے لاعلم ہوں،بانی پی ٹی آئی کی محبتوں اور مہربانیوں کے باعث پارلیمنٹ تک پہنچ گئی ہوں۔ جان کی بازی لگا دوں گی کہ مگر پیچھے نہیں ہٹو ں گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں