یوم عاشور عقیدت واحترام سے منایاگیا،سکیورٹی کے سخت انتظامات

یوم عاشور عقیدت واحترام سے  منایاگیا،سکیورٹی کے سخت انتظامات

لاہور(سیاسی نمائندہ،کرائم رپورٹر،نمائندگان دنیا)حضرت امام حسینؓ سمیت دیگر شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پاکستان میں یومِ عاشور روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔

ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس نکالے گئے ، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے اور کئی شہروں میں موبائل سروس بند رہی جبکہ ذاکرین اور علمائے کرام نے حضرت امام حسین ؓکی تعلیمات اور سانحہ کربلا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ لاہور میں یوم عاشور پر پولیس کے 11ہزار 500 سے زائد افسر و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور کئے گئے تھے ۔لاہور پولیس کے مطابق 231 مجالس اور 46 عزاداری جلوسوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی ، اس دوران 30ایس پیز، 49 ایس ڈی پی اوز، 137 ایس ایچ اوز اور انچارج انویسٹی گیشنز اور 781 اپر سبارڈینیٹس تعینات تھے ۔یوم عاشور کے مرکزی جلوس پر 12 ایلیٹ فورس کی ٹیمیں، 12 پی آر یو اور 17 ڈولفن سکواڈ کی ٹیمیں تعینات کی گئی تھیں۔سی سی پی او لاہور کے مطابق عزاداروں کی سکیورٹی کیلئے شہر بھر میں 127 ناکے لگائے گئے تھے ۔ لاہور کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوا اور نواب چوک، چوٹا مفتی باقر، مسجد وزیر خان سے ہوتا ہوا رنگ محل چوک سنہری مسجد پہنچا جہاں نماز ظہرین ادا کی گئی۔نماز ظہرین کے بعد جلوس گمٹی بازار سے ہوتا ہوا مغرب کے قریب کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ 5ہزارسکیورٹی اہلکار جلوس کیلئے تعینات تھے جبکہ 400سی سی ٹی وی کیمروں کا استعمال کیاگیا ۔جلوس کے راستوں سے منسلک تمام راستوں کو خاردار تاریں، ٹینٹ اور کنٹینر لگا کر بند کیا گیا۔جلوس کے راستوں پر زائرین کیلئے پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں اور لنگر کا وسیع انتظام کیا گیا۔لاہور میں 46ذوالجناح کے جلوس نکالے گئے اور 277مجالس کا اہتمام کیاگیا۔اسلام آباد، کراچی ،حیدرآباد،سکھر ،پشاور ،بنوں،کوئٹہ ،گوادر،فیصل آباد ،گوجرانوالہ ،سرگودھا،ملتان اوردیگر چھوٹے بڑ ے شہروں میں بھی جلوس نکالے گئے ،کئی علاقوں میں جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں