موجودہ حکومت 18 ماہ تک برقرار رہے گی:فچ

 موجودہ حکومت 18 ماہ تک برقرار رہے گی:فچ

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی ریٹنگ ایجنسی ’’فچ ‘‘نے پاکستان کنٹری رسک رپورٹ میں کہا ہے کہ عدالتوں سے شنوائی کے باوجود بانی پی ٹی آئی کا ابھی جیل سے باہر آنے کا امکان نہیں، امید ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت اگلے 18 ماہ تک بھی برسراقتدار رہے گی اور آئی ایم ایف کے معاشی اصلاحات ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں کامیاب رہے گی۔

اگر کسی صورت میں حکومت چلی بھی جاتی ہے تو متبادل کے طور پر نئے انتخابات کے بجائے زیادہ امکان فوج کی حمایت یافتہ ٹیکنوکریٹس حکومت کے ہیں۔ فچ نے رپورٹ میں مزید کہا عام انتخابات میں آزاد امیدواروں کو بڑی تعداد میں کامیابی ملی، جیتنے والے آزاد امیدواروں کو جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کی حمایت حاصل تھی، شہروں میں مظاہرے معاشی سرگرمیاں متاثر کر سکتے ہیں، موجودہ حکومت آئی ایم ایف) کے ساتھ مل کر معاشی اصلاحات کرے گی، رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان میں مہنگائی بڑھنے کی شرح کم ہوسکتی ہے ، شرح سود میں کمی کی بھی توقع ہے اور امکان ہے کہ سٹیٹ بینک شرح سود کو 14 فیصد تک لائے گا۔آئندہ چند سال زراعت کو سیلاب اور خشک سالی سے خطرہ ہے ،بجٹ میں مشکل فیصلے آئی ایم ایف پروگرام کی راہ ہموار کر رہے ہیں، حکومت نے بجٹ میں مشکل ترین معاشی اہداف مقرر کیے کیونکہ پاکستان مالیاتی خسارے کو سات اعشاریہ چار سے کم کرکے چھ اعشاریہ سات فیصد پر لانا چاہتا ہے ۔ موجودہ سال کے اختتام تک ڈالر 290 جبکہ 2025 میں 310 روپے تک جاسکتا ہے ۔دوسری جانب حکومت کے معاشی امور پر ترجمان رانا احسان افضل نے اس رپورٹ کو پروپیگنڈہ قرار دیتے کہا ہے کہ یہ عالمی ریٹنگ ایجنسی فچ کی نہیں بلکہ بی ایم آئی کی فچ سلوشنز کمپنی کی ہے جس کی کوئی اہمیت نہیں ،یہ پروپیگنڈہ ہے اس لیے اسکے مندرجات پر کوئی ردعمل نہیں دینا چاہتے ۔اعموماً پیشہ ور ریٹنگ ایجنسیاں کسی بھی ملک کے سیاسی حالات یا سیاست پرتبصرہ نہیں کرتیں۔ اس لیے بی ایم آئی کی رپورٹ پر تبصرہ نہیں کریں گے کیونکہ یہ کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی کی تعریف پر ہی پورا نہیں اترتی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں