ارشد شریف کیس:سکاٹ لینڈیارڈ کی نواز،مریم کیخلاف تفتیش ختم

ارشد شریف کیس:سکاٹ لینڈیارڈ کی نواز،مریم کیخلاف تفتیش ختم

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،اپنے نامہ نگارسے )اسکاٹ لینڈ یارڈ نے صحافی ارشد شریف کے قتل سے متعلق تسنیم حیدر کے الزامات پر نواز شریف، مریم نواز سمیت ان کے دیگر ساتھیوں کے خلاف جاری تفتیش ختم کردی۔

اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ تسنیم حیدر لیگی قیادت، سلیم رضا، ناصر محمود، زبیر گل، راشد نصراللہ کے خلاف ثبوت پیش نہ کرسکے ،سکاٹ لینڈ یارڈ نے ڈیڑھ سال تک تحقیقات کے بعدیہ فیصلہ کیا،کاؤنٹرٹیرر کمانڈ یونٹ نے الزامات لگانے والے تسنیم حیدر کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا۔ تسنیم حیدر نے شریف فیملی اور ساتھیوں پر ارشد شریف کے قتل اور بانی پی ٹی آئی پر وزیرآباد میں حملے کا الزام لگایا تھا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے سینئرصحافی ارشد شریف کے قتل پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست میں وزارت داخلہ اور وزارت قانون کے مجاز افسران کو طلب کرلیا،سینئر صحافی حامد میر کی درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا آئی جی اور ایس جے آئی ٹی کے مطابق ان کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں کیونکہ اس کے ثبوت کینیا میں ہیں ۔ ادھرسپریم کورٹ نے صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے ازخود نوٹس کیس سماعت کیلئے مقرر کردیا ہے ،جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 29 جولائی کو سماعت کرے گا،اٹارنی جنرل، ڈی جی ایف آئی اے ، سیکرٹری داخلہ اور آئی جی اسلام آباد سمیت فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے گئے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں