میو ہسپتال:کینسر کے مریضوں کو ایکسپائر انجکشن لگنے کا انکشاف

میو ہسپتال:کینسر کے مریضوں کو ایکسپائر انجکشن لگنے کا انکشاف

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )میو ہسپتال میں کینسر کے مریضوں کو ایکسپائر انجکشن لگنے کا انکشاف ہوا ہے جس پرہسپتال انتظامیہ نے 5 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔ پی ایم او آرتھوپیڈک ڈاکٹر افتخار کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے ۔

 ابتدائی طور پر دو سٹور کیپرشہزاد اور  سرفراز کو معطل کر دیا گیا ۔میو ہسپتال میں ایکسپائر انجکشن لگنے سے مبینہ طور پر معذور ہونے والا بچہ بلال گنج لاہور کا رہائشی نعمان بھی سامنے آ گیا ،لواحقین کے مطابق وہ بہتر حالت میں ہسپتال گیا تھا وہاں ایکسپائر انجکشن لگنے سے معذور ہو گیا جبکہ اسکی والدہ بھی غم میں زندگی ہار چکی ہے ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کی ٹیم نے چندروز قبل چھاپہ مارکر کینسر کے ایکسپائر انجکشن برآمد کرلئے تھے ،میو ہسپتال انتظامیہ ، محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اس واقعہ سے مکمل آگاہ ہیں۔پی ایم او آرتھوپیڈک ڈاکٹر افتخار کو انکوائری کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے ، دیگر ممبران میں اسسٹنٹ پروفیسر پیڈز پروفیسر ڈاکٹر قاضی ممتاز،ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر طاہرہ ،چیف فارماسسٹ ڈاکٹر سعدیہ خالق اور آڈٹ آفیسر حفظان شامل ہیں،کمیٹی کو ایک روز میں رپورٹ مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔انتظامیہ کے مطابق جن مریضوں کو زائد المعیاد انجکشن لگے تھے ان میں کسی قسم کا ری ایکشن سامنے نہیں آیا ، تمام مریضوں کو ہسپتال کی متعلقہ وارڈ میں بلا کر داخل کر لیا گیا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں