آئی پی پیز میں 42کمپنیاں حکومتی شخصیات کی ہیں:گورنر

آئی پی پیز میں 42کمپنیاں حکومتی شخصیات کی ہیں:گورنر

لاہور (سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ قوم مہنگائی کے بوجھ سے پس رہی جبکہ آئی پی پیز قوم پر ظلم ہے ،حکومتی لوگوں کی 42 کمپنیاں آئی پی پیز میں ہیںان سمیت سب کا آڈٹ ضرور ہونا چاہئے ، آئی پی پیز میں اتنی کرپشن کہ کمپیوٹر کے ڈیجٹ بھی کم پڑ سکتے ہیں۔

پی ڈی ایم کی حکومت کا اٹھارہ ماہ کا دور پیپلزپارٹی کیلئے بہت بھیانک تھا،حکومت سے اتحاد پیپلزپارٹی کی ملک کیلئے مجبوری ہے ، موجودہ حکومت میں پیپلزپارٹی کو چائے کی پیالی اور ایک بسکٹ کے سوا کچھ نہیں ملا ،پی ٹی آئی کے دور میں سرکاری افسروں کے تبادلے رشوت لے کر کئے جاتے تھے اور یہ روایت ابھی بھی قائم ہے ۔گورنر ہائوس میں صحافیوں سے غیر رسمی ملاقات میں سلیم حیدر نے مزید کہاکہ حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے ۔میں بھی پی ٹی آئی پر پابندی کے حق میں نہیں تھا لیکن بنوں میں جس طرح کیا گیا ایسا لگا جیسے دوبارہ نو مئی کی پلاننگ کی گئی ہے ۔ دریں اثنا گورنر پنجاب سے گورنر ہائوس میں چینی قونصل جنرل ژاو شیریں نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے بالخصوص سی پیک میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں