پیسک کے گریڈ14تک ملازمین کا مہنگائی الاؤنس منظور

 پیسک کے گریڈ14تک ملازمین کا مہنگائی الاؤنس منظور

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے بورڈ نے پیسک کے گریڈ ایک سے 14تک کے ملازمین کیلئے مہنگائی الاؤنس کی منظوری دیدی،گریڈ 15اور اوپر کے ملازمین کیلئے مہنگائی الاؤنس کا فیصلہ آئندہ اجلاس تک موخر کردیا ۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین کی زیرصدارت کارپوریش کے 128ویں اجلاس میں بورڈ نے کارپوریشن کا انٹرن شپ ٹریننگ پروگرام بھی منظور کرلیا ۔انٹرنیز کو ماہانہ 30 ہزار روپے معاوضہ دیا جائے گا،پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن اسٹیٹ ڈویلپمنٹ رولز 2024کی تیاری کی بھی منظوری دی گئی، ایکسپورٹ پراسیسنگ زون گوجرانوالہ میں وے بریج کیلئے این او سی اجرا کی اجازت دی گئی ،بورڈ نے سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں بعض پلاٹوں کی بحالی کی بھی منظوری دی،بحال شدہ پلاٹ مالکان تمام واجبات کی بروقت ادائیگی اور ایک سال کے اندر صنعتی یونٹ لگانے کے پابند ہوں گے ،میٹل کرافٹ آرٹس ویلیج شیخوپورہ اور نیشنل کالج آف آرٹس کے مابین اشتراک کیلئے معاہدے کی بھی منظوری دی گئی۔ بورڈ نے پیسک کے نئے بجٹ کا معاملہ موخر کردیا ۔ذیلی کمیٹی آئندہ 10روز میں بجٹ کے خدوخال کا جائزہ لے گی ، صوبائی وزیر کاکہناتھاکہ ڈیوس روڈ پر زیر تعمیر پیسک ہاؤس تکمیل کے قریب ہے ، وزیر اعلیٰ پنجاب جلد افتتاح کریں گی، پنجاب کی 23 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں غیر معیاری ایندھن کے استعمال پر پابندی پر عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں