دہشتگردی میں ملوث گل بہادر گروپ ، مجید برگیڈ کالعدم

 دہشتگردی میں ملوث گل بہادر گروپ ، مجید برگیڈ کالعدم

اسلام آباد (کرائم رپورٹر،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)دہشتگردی میں ملوث دو تنظیموں حافظ گل بہادر گروپ اور مجید برگیڈ کو ٹھوس معلومات پر کالعدم قرار دے دیا گیا ۔

دونوں  جماعتوں کی دو سال تک مکمل طور پر نگرانی کی گئی جس کے بعد رپورٹ سے متعلق نیکٹا نے وزارت داخلہ کو آگاہ کیا ۔ذرائع کے مطابق نیکٹا نے انٹیلی جنس بنیاد پر حافظ گل بہادر گروپ اور مجید برگیڈ کو کالعدم قرار دیا ہے ۔وزارت داخلہ نے کالعدم قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے بعد تمام متعلقہ اداروں کو آگاہ کر دیا گیا ۔ انتہا پسندی میں ملوث کالعدم جماعتوں کی تعداد 81ہو گئی ہے ۔ دوسری طرف وزارت داخلہ نے ایک نوٹس جاری کیا ہے جس میں محکموں سے کہا گیا ہے وہ فوری طور پر اپنی خط و کتابت اور دستاویزات میں تحریک طالبان پاکستان کو ‘فتنہ الخوارج’ لکھا کریں۔نوٹس میں لکھا گیا ہے نام نہاد ٹی ٹی پی ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہے جو اسلامی عقیدے کے لیے نقصان دہ ہیں اور جو دراصل اسلام کی حقیقی تعلیمات اور جوہر کے منافی ہیں، اس کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب سے ٹی ٹی پی کو ‘فتنہ الخوارج’ کہا جائے گا۔نوٹس کے مطابق اس دہشت گرد تنظیم سے وابستہ افراد کی طرف سے استعمال کیے جانے والے تمام معزز مذہبی القابات جیسے ‘مفتی’اور ‘حافظ’استعمال نہیں کیے جائیں گے ۔ اس کی بجائے ان کے نام کے ساتھ ‘خارجی کا سابقہ’ لگا دیا جائے گا۔نوٹس میں ہدایات جاری کی گئیں کہ مندرجہ بالا عمل فوری طور پر شروع کر دیا جائے ۔یہ نوٹس وفاقی وزارتوں/ ڈویژنوں اور تمام اداروں کو بھیجا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں