نامعلوم افراد ایم این اے امتیاز چودھری کو لیکر فرار

نامعلوم افراد ایم این اے امتیاز چودھری کو لیکر فرار

گجرات ( نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک ) نامعلوم افراد پی ٹی آئی کے رہنما و رکن قومی اسمبلی امتیاز چودھری کو اینٹی کرپشن ٹیم سے لے کر فرار ہوگئے ہیں۔

سرکل آفیسر اینٹی کرپشن آفتاب حیدر کے مطابق گجرات کے علاقے شادیوال روڈ پرنامعلوم کارسواروں نے رہنما پی ٹی آئی و رکن قومی اسمبلی امتیاز چودھری کو عدالت میں پیشی کے لیے لے جانے والی اینٹی کرپشن ٹیم کی گاڑی پر فائرنگ کی اور امتیاز کو لے کر فرار ہوگئے ۔اینٹی کرپشن کے مطابق اینٹی کرپشن ٹیم امتیازچودھری کو منڈی بہاؤالدین لے کر جارہی تھی، اینٹی کرپشن نے امتیاز کو عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ لے رکھا تھا، انہیں دوبارہ سول جج کی عدالت میں پیشی کے لیے لے جایا جارہا تھا۔ امتیاز چودھری کے بھائی چودھری اعجاز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میرے چھوٹے بھائی ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز کو اغوا کر لیا گیا۔ تین گاڑیوں میں لوگ آئے اور انہیں پولیس کی حراست سے چھڑا کر لے گئے ۔پنجاب میں بھی مسنگ پرسنز کی نئی واردات شروع ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ میرے بھائی کا جرم صرف یہ ہے کہ وہ پارٹی تبدیل نہیں کررہے ۔ سپریم کورٹ اس معاملے پر سو موٹو ایکشن لے ۔

ادھر پی ٹی آئی رہنماؤں نے منڈی بہاؤالدین سے گرفتار اپنے رکن قومی اسمبلی حاجی امتیاز کو چھڑا کر لے جانے کی خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا اور کہا ہے کہ بندے لاپتا کرنے کا یہ نیا طریقہ نکالا ہے خود غائب کردیا اور عدالت میں کہہ دیا کہ ملزموں کو چھڑا کر لے گئے ۔پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ ہمارے بھائی امتیاز کے اوپر تشدد کیا گیا،انہیں عدالت میں پیش کرنا تھا لیکن نہیں کیا گیا پنجاب پولیس اور خفیہ اداروں نے مشترکہ آپریشن کیا، یہاں نہ آئین ہے نہ قانون ہے ، ہمیں سب نظر آرہا ہے ، کیا یہ جمہوریت ہے ؟وقت کے فرعونوں کو جواب دینا ہوگا، شبلی فراز نے کہا کہ ہمارے ممبران قومی اسمبلی کی وفاداریاں تبدیل کروانے کی کوشش کی جارہی ہے ، اگر یہ سب کرنا ہے تو پارلیمنٹ کو بند کرکے مارشل لا لگا دیں۔اسد قیصر نے کہا کہ کفر کا نظام چل سکتا ہے لیکن ظلم کا نظام نہیں چل سکتا، اگر امتیاز کے ساتھ کچھ ہوا تو ڈی پی او ذمہ دار ہوگا، یہ ملک ڈی پی او کی جاگیر نہیں، پوچھ گچھ ہوگی، یہ ایک پختون کا وعدہ ہے کہ اگر امتیاز کو کچھ ہوا تو ڈی پی او سے حساب لوں گا۔اسد قیصر نے کہا کہ چیف جسٹس سے سوموٹو لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں