معافی غلطی کی ہوتی ہے،جرم کی سزا ہوتی ہے:مریم نواز

معافی غلطی کی ہوتی ہے،جرم کی سزا ہوتی ہے:مریم نواز

لاہور (دنیا نیوز،خبر ایجنسیاں)بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مشروط معافی کے بیان پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا رد عمل بھی سامنے آ گیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا معافی غلطی کی ہوتی ہے ، جرم کی سزا ہوتی ہے ۔

ان کا کہنا تھا اپنے ہی ملک پر حملہ کرنے کو دہشت گردی کہتے ہیں، غلطی نہیں۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ہدایت کی ہے لاہور میں مزید 250 مقامات پر فری وائی فائی سروس شروع کی جائے ۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں فری وائی فائی پراجیکٹ سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے ۔مریم نواز کے ہدایت پر ‘‘سی ایم مریم نواز فری وائی فائی’’کا لاہور اور قصور کے بعد اب ننکانہ صاحب میں بھی آغاز کردیا گیا، ننکانہ صاحب میں پہلے فیز میں پانچ مقامات پر سیف سٹی فری وائی فعال کردیا گیا۔دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ ننکانہ صاحب میں مسجد چوک، تحصیل موڑ چوک، کچہری پھاٹک، ریلوے سٹیشن اور ریلوے کالونی کے پوائنٹس پر فری وائی فائی سروس شروع کی گئی ہے ، ننکانہ صاحب میں 25ہزار سے زائد شہری سی ایم مریم نواز فری وائی فائی سروس سے مستفید ہو چکے ہیں، چار ہفتے میں فری وائی فائی پراجیکٹ سے ننکانہ کے شہریوں نے 250 جی بی ڈیٹا استعمال کیا۔بریفنگ میں بتایا گیا قصور میں 10مقامات پر فری وائی سروس عوام کے لئے دستیاب ہے ،مزید 20پوائنٹس پر فری وائی فائی سروس شروع ہو گی۔ مریم نواز کا کہنا تھا لاہور میں 50لاکھ سے زائد شہریوں کا مفت انٹرنیٹ سروس سے استفادہ کرنا کامیابی کا ثبوت ہے ، سیف سٹیز بہت جلد راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی فعال کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا سال کے آخر تک 18شہروں میں سیف سٹی اتھارٹی قائم کردی جائے گی، خواتین اور طالبات بھی سی ایم مریم نواز فری وائی فائی سروس سے ہنگامی صورتحال میں مدد حاصل کر سکیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں