سپریم کورٹ مخصوص نشستوں کا فیصلہ واپس لے:الیکشن کمیشن :نظرثانی اپیل دائر
اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو دینے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظرثانی درخواست دائر کردی۔
الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل، صاحبزادہ حامد رضا، ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی،ن لیگ و دیگر کو فریق بناتے ہوئے درخواست میں کہا انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سپریم کورٹ 12 جولائی کے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے اسے واپس لے ،الیکشن کمیشن نے آئین و قانون کے مطابق اپنی ذمہ داری سرانجام دی،الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے 39 ارکان کی حد تک فیصلے پر عمل کر دیا ہے ،الیکشن کمیشن نے کسی قانونی و عدالتی فیصلہ کی غلط تشریح نہیں کی،سپریم کورٹ کے عدالتی فیصلے پر من و عن عمل کیا،سپریم کورٹ آئین کے آرٹیکل 218 میں مداخلت نہیں کر سکتی،آئین کی غلط تشریح پر معاملہ آئینی ادارے کو ریمانڈ کیا جانا چاہیے ،فیصلے میں کچھ ایسے حقائق کومان لیا گیا جو کبھی عدالتی ریکارڈ پر نہ تھے ،عدالتی فیصلے پر نظرثانی دائر کرنا آئینی حق ہے ،پاکستان تحریک انصاف کو عدالتی فیصلہ میں ریلیف دیا گیا، تحریک انصاف کیس میں پارٹی نہیں تھی،آزاد ارکان نے بھی سپریم کورٹ سے رجوع نہیں کیا۔
پی ٹی آئی کے مخصوص نشستوں کے امیدواروں نے بھی کبھی دعویٰ نہیں کیا،80 ارکان نے سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا،80 آزاد ارکان نے اپنے شمولیت کے حلف ڈیکلریشن جمع کرائے ،سنی اتحاد کونسل نے عام انتخابات میں حصہ نہیں لیا اور نہ ہی مخصوص نشستوں کیلئے فہرست جمع کرائی۔41 ارکان کو دوبارہ پارٹی وابستگی کا موقع فراہم کرنے کا کوئی جواز نہیں،الیکشن کمیشن کو فیصلہ کے نکتہ پر سنے بغیر فیصلہ دیا گیا۔سپریم کورٹ کے 12 جولائی کے فیصلہ کے احکامات امتیازی اور ایک پارٹی کے حق میں ہیں ،سپریم کورٹ نے فیصلے میں آئین و قانون کے آرٹیکلز و شقوں کو نظر انداز کیا،سپریم کورٹ کے 12 جولائی کے فیصلے میں عدالتی دائرہ اختیار سے تجاوز کیا گیا،رہنما تحریک انصاف کنول شوذب سنی اتحاد کونسل سے مخصوص نشست کیلئے سپریم کورٹ آئی۔سنی اتحاد کونسل کی دو کیٹیگری میں تقسیم بھی غلط کی گئی۔اس سے قبل حکمران جماعتیں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کرچکی ہیں ، جبکہ دوسری جانب الیکشن ایکٹ میں ترمیم بھی کردی گئی ہے ، جس کی قومی اسمبلی اور سینیٹ نے منظوری دے دی ہے ۔