پاکستان،سعودی عرب کبھی جدا نہیں ہو سکتے :امام مسجد نبوی ؐ
لاہور(سٹاف رپورٹر ،دنیا نیوز)وزیراعظم شہباز شریف سے مسجد نبوی ؐ کے امام ڈاکٹر صلاح البدیر نے ملاقات کی، وزیراعظم نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے کہا آپ کا دورہ پاکستان کیلئے باعث اعزاز ہے جس سے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ۔
امام مسجد نبویؐ نے وزیراعظم کو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور دیگر سعودی قیادت کی نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔شہبازشریف نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان کے عوام کے دلوں میں خادم الحرمین الشریفین کیلئے بے انتہا احترام ہے ۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات لازوال ہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ، ہمارا سعودی عرب سے رشتہ دہائیوں پر محیط ہے اورتعلقات نئی بلندیوں کی جانب پر گامزن ہیں۔مسجد نبویؐ کے امام نے پاکستان میں پر تپاک میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا پاکستان اور سعودی عرب دو ایسے ستارے ہیں جو کبھی جدا نہیں ہو سکتے ۔ملاقات میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین، علما ، پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید ودیگر سعودی حکام موجودتھے ۔ ملاقات کے بعد وزیراعظم نے امام مسجد نبویؐ ؐاور انکے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔مسجد نبوی ؐکے امام ڈاکٹر صلاح البدیر کا لاہور پہنچنے پر مقامی ہوٹل میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان اور وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے استقبال کیا اوروزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے گلدستہ پیش کیا ۔ ڈاکٹر صلاح البدیر نے استقبال پر پنجاب کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ سپیکر ملک احمد خان نے کہا مسجد نبویؐ کی حرمت ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے ۔ عوام اور حکومت کی جانب سے دعا کا درخواست گزار ہوں۔ ذیشان رفیق نے کہامعزز مہمان کی آمد ہمارے لئے خیر و برکت کا باعث ہے ۔ انکے دورے سے دوستانہ تعلقات کو مزید استحکام ملے گا۔