ایف سی اور افغان فورسز میں فائرنگ کا تبادلہ، دو جوان زخمی
خیبر (نمائندہ دنیا، مانیٹرنگ ڈیسک) پاک افغان سرحد پر ایف سی ارو افغان فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ، دو اہلکار زخمی ہو گئے۔
افغان فورسز سرحد کے قریب متنازعہ علاقہ میں پوسٹ تعمیر کررہی تھیں جس کی وجہ سے تنازع پیدا ہوا، طورخم بارڈر ذرائع کے مطابق صورتحال کشیدہ ہونے کی وجہ سے پاک افغان بارڈر طورخم گیٹ ایکسپورٹ امپورٹ کیلئے بند کر دیا گیا۔ پاک افغان بارڈر غوڑا کے علاقہ میں پاک افغان فورسز کے درمیان سرحد کے قریب افغان فورسز کی جانب سے متنازعہ علاقہ میں پوسٹ تعمیر کرنے کے معاملہ پر صورتحال کشیدہ ہو گئی، ایف سی حکام نے افغان فورسز کو تعمیرات سے منع کیا۔ افغان فورسز کے باز نہ آنے پر کشیدگی بڑھ گئی اور فائرنگ شروع ہوگئی جس کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہوگئے ۔ سرحد کے دونوں جانب شہری محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہوگئے جبکہ پاک افغان بارڈر پر دو طرفہ تجارت ایکسپورٹ امپورٹ سمیت پیدل آمدورفت بند ہوگئی۔