علما مسلمانوں کو کتاب و سنت پر متحد کریں:امام مسجد نبویؐ
لاہور(سیاسی نمائندہ،آئی این پی)امام مسجد نبویؐ ڈاکٹرصلاح بن محمد البدیر نے کہا عقیدے کے معاملے میں اختلاف کی گنجائش ہی نہیں کیونکہ اسے صحابہ کرام ؓبہت پہلے طے کر چکے ،اپنے عقیدے اور اعمال و عبادات کو بدعات و خرافات سے پاک رکھیں۔
فقہی مسائل جن پر اتفاق ہے ان کی مخالفت جائز نہیں ،علما ء پر لازم ہے کہ وہ مسلمانوں کو کتاب و سنت پر متحد کریں، ہمیں اللہ کی طرف دعوت دیتے وقت نرمی اور حکمت اختیار کرنی چاہیے ، اللہ تعالیٰ پاکستان، اہل پاکستان کی حفاظت فرمائے ،اے اللہ جو شخص پاکستان کے حق میں برائی یا فتنے کا ارادہ کرے ، اس کی سازش کو اس کی گردن پر لوٹا دے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزاہلحدیث راوی روڈ میں علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سالک حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان،پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی ،ڈاکٹر حافظ عبدالکریم،کاشف نواز رندھاوا،مولانا ابوتراب،مولانا عبدالرشید حجازی ،مولانا یونس آزاد،قاری صہیب میر محمدی،ڈاکٹر عبدالغفور راشد،علامہ معتصم الٰہی ظہیر اور دیگر بھی موجود تھے ۔
مرکزی جمعیت اہلحدیث کے ہیڈ کوارٹر آمد پر مرکزی امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے امام مسجد نبویؐ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کا پرتپاک استقبال کیا ۔ اس موقع پر ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔امام مسجد نبویؐ نے پیغام نیٹ ورک کے ڈیجیٹل سیکشن کا افتتاح بھی کیا اور مرکزی مسجد میں نماز ظہر کی امامت بھی کرائی ۔بعد ازاں ڈاکٹر صلاح محمد البدیر نے جامع مسجد بحریہ میں نمازِ مغرب کی امامت کروائی،چیئر مین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر اشرفی نے مسجد میں امام مسجد کا استقبال کیا ۔ امام مسجد نبوی ؐنے عشاء کی نماز کی امامت جامعہ اشرفیہ لاہور میں کروائی جہاں ان کا استقبال عبدالغفور راشد نے کیا،تینوں مواقع پر عوام کی بڑی تعداد ڈاکٹر صلاح محمد کی امامت میں نماز پڑھنے کے لئے موجود رہی۔