پنجاب حکومت کا کورٹ فیس میں کمی پر اتفاق

پنجاب حکومت کا کورٹ فیس میں کمی پر اتفاق

لاہور(محمداشفاق سے )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے سستے اور معیاری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے وکلا تنظیموں کا مطالبہ تسلیم کرلیا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت اجلاس میں وکلا برادری اور عوام الناس کے تحفظات کے پیش نظر کورٹ فیس کے ریٹس کا دوبارہ جائزہ لیا گیا۔

وزیر قانون کی سربراہی میں کمیٹی کے تمام ممبران میں کورٹ فیس کو کم کرنے پر اتفاق ہوگیا ،سول کورٹ سے آرڈر یا فیصلہ کی مصدقہ کاپی کے لئے ون ٹائم 100 روپے کورٹ فیس ،ہائی کورٹ سے آرڈر یا فیصلہ کی مصدقہ کاپی پر ون ٹائم کورٹ فیس 500 روپے ،مصدقہ کاپی کی کورٹ فیس فی پیج 100 روپے سے کم کر کے 10 روپے ، سی پی سی سیکشن 15 کے تحت ہائی کورٹ میں نظرثانی درخواست پر ون ٹائم 500 روپے ، کسٹم، ایکسائز، لینڈ ریونیو، سول کورٹ میں 10 ہزار روپے سے کم ویلیو والے کیسز میں درخواست پر کورٹ فیس 100 روپے سے کم کر کے 10 روپے ، ہائی کورٹ میں کیس ٹرانسفر کی درخواست پر کورٹ فیس 200 روپے ،ریکارڈ طلبی کی درخواست پر کورٹ فیس 10 روپے ،طلاق ایکٹ 1869 اور پارسی میرج ایکٹ 1936 کے تحت پٹیشن یا عرضداشت پر کورٹ فیس 500 روپے سے کم کر کے 100 روپے مقرر کرنے پر اتفاق ہوگیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی حتمی منظوری کے بعد نئے کورٹ فیس کے ریٹس کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، اجلاس میں کمیٹی میں شامل سینئر ممبر پاکستان بار کونسل احسن بھون ،وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل بابر وحید، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی راؤ فضل الرحمن، سیکرٹری ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن بیرسٹر قادر بخش ، صدر لاہور بار ایسوسی ایشن منیر حسین بھٹی، صدر ہائی کورٹ بار ملتان ساجد میتلا، صدر ہائی کورٹ بار راولپنڈی جواد خالد، سیکرٹری قانون پنجاب آصف بلال لودھی،ممبر ٹیکسزبورڈ آف ریونیو طاہر زمان وٹو اور کنسلٹنٹ لا بورڈ آف ریونیو ذوالفقار احمد نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ سربراہ عاصمہ جہانگیر گروپ احسن بھون نے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ جنہوں نے سستے انصاف کی فراہمی کی طرف اہم قدم اٹھایا ہے ،کورٹ فیس میں اضافہ پر فوری نوٹس لینے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے شکر گزار ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں