اسرائیل:نئی حکومت کی تشکیل کا عمل شروع، آئزن کوٹ متحرک

اسرائیل:نئی حکومت کی تشکیل کا  عمل شروع، آئزن کوٹ متحرک

یروشلم،ایمسٹرڈیم(اے ایف پی)اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے اتوار کو اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کی باضابطہ ذمہ داری سونپ دی۔

اس موقع پر صدر نے خبردار کیا کہ امریکا میں انتخابات کے بعد اسرائیل کو غیر یقینی صورت حال کا سامنا ہے ۔ ہرزوگ نے کہا کہ اسرائیل کو ایک مستحکم حکومت کی ضرورت ہے ۔ امریکا میں نئی سیاسی صورتحال کے پیش نظر ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنا ضروری ہے ۔ سابق آرمی چیف گادی آئزن کوٹ نے نئی حکومت تشکیل دینے کی کوششیں شروع کر دیں، صدر اسحاق ہرزوگ نے انہیں حکومت سازی کے لیے 28 روز کی مہلت دے دی ہے ۔ 66 سالہ آئزن کوٹ نے کہا کہ نیتن یاہو بھی میری حکومت میں شامل ہو سکتے ، اسرائیل تاریخی بحران اور ناقابل واپسی موڑ کے قریب پہنچ چکا ہے ، ملک کو قومی ہنگامی حکومت کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے وزیراعظم نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ اور وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ کی انتہا پسند جماعت کو بھی حکومت میں شمولیت کی دعوت دی، تاہم وزارت عظمیٰ اپنے پاس رکھنے کی شرط عائد کی۔ آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کی پالیسیوں کو ملک کے سفارتی بحران اور عالمی تنہائی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے قومی اتحاد پر زور دیا۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اسرائیل کی نئی ممکنہ حکومت کو اسرائیلی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دے دیا۔ نیتن یاہو نے عرب رہنماؤں کو بھی حماس کا حامی قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیاکہ مجوزہ حکومت کے ایک تہائی ارکان اسرائیلی فوجیوں کو جنگی مجرم سمجھتے ہیں۔ ایسی حکومت ایران کے خلاف سخت موقف اختیار نہیں کر سکے گی اور نہ ہی اسرائیلی فوجیوں کا دفاع کر سکے گی۔ ادھرنیدرلینڈز کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں ہزاروں افراد نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف احتجاج کیا۔منتظمین کے مطابق مظاہرے میں تقریباً 20 ہزار افراد نے شرکت کی جنہوں نے سرخ لباس پہن رکھے تھے اور اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی روکنے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر نسل کشی بند کرو کے نعرے درج تھے ۔ شرکا نے نیدرلینڈز حکومت پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے خلاف موثر اقدامات کرے ۔اسرائیل نے مغربی کنارے میں فلسطینی کسانوں سے اظہار یکجہتی اور آبادکاروں کے تشدد سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے آنے والے 14 مغربی کارکنوں کو ملک بدر کردیا۔ جنگ کی تباہ کاریوں کے باوجود غزہ میں 250فلسطینی جوڑوں نے اجتماعی شادی کی تقریب میں نئی زندگی کا آغاز کیا۔اجتماعی شادی کی تقریب کا اہتمام متحدہ عرب امارات کے تعاون سے کیا گیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...