مدت ملازمت میں توسیع کے بل کی مخالفت کرینگے ، پی ٹی آئی

 مدت ملازمت میں توسیع کے بل کی مخالفت کرینگے ، پی ٹی آئی

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں )تحریک انصاف نے کہا ہے کہ حکومت مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرے ، آٹھ ستمبر کا جلسہ منسوخ نہیں ہوگا،چیف جسٹس سمیت کسی بھی شخصیت کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے لائے جانے والے بل یا ریفارمز کی مخالفت کریں گے ۔

 تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ حکومت مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرے ۔ بانی پی ٹی آئی نے کہہ دیا ہے کہ آٹھ ستمبر کا جلسہ منسوخ نہیں ہوگا۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہہ دیا ہے کہ پاکستان کو بنگلہ دیش نہ بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر جس طرح سے خانہ جنگی ہو رہی ہے یہ ہمارے اداروں کے لیے شرم کا مقام ہے ۔معصوم لوگوں کو گاڑیوں سے اتار کر انہیں قتل کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ والی حکومت اب زیادہ دیر تک نہیں چلے گی۔میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا کہ حکومت عدلیہ میں جوڈیشل ریفارمز کے نام پر آئینی ترمیم لے کر آ رہی ہے ،بانی پی ٹی آئی نے کہہ دیا ہے کہ وہ اس کا حصہ نہیں بنیں گے ۔آئین سے متصادم کسی بھی شخصیت کی مدت ملازمت میں توسیع کی گئی تو تحریک انصاف رکاوٹ پیدا کرے گی۔انہوں نے کہا تمام لوگوں کو آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنی اپنی مدت ملازمت کے بعد باعزت طور پر ریٹائرڈ ہوجاناچاہیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں