نجکاری نہ ہونے کے باوجود فنانشل ایڈوائزرز کو 2ارب ادائیگی:قائمہ کمیٹی میں انکشاف

نجکاری نہ ہونے کے باوجود فنانشل ایڈوائزرز کو 2ارب ادائیگی:قائمہ کمیٹی میں انکشاف

اسلام آباد (مدثرعلی رانا، سید قیصر شاہ)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں اداروں کی نجکاری نہ ہونے کے باوجود فنانشل ایڈوائزرز کو 2 ارب کی ادائیگی کا انکشاف ہوا ہے ، سیکرٹری نجکاری کمیشن عثمان باجوہ نے بتایا کہ پی آئی اے کے خریدار 5 بڈرز کیساتھ ایئرلائن کے 75 فیصد شیئرز فروخت کرنے پر اتفاق کر لیا گیا۔

 پی آئی اے آپریشنز کیلئے خریدار کمپنی کو تقریباً 425 ارب روپے تک فوری سرمایہ کاری کرنا ہو گی، 80 ارب روپے فوری سرمایہ کاری اور 200 ارب کی ادائیگیاں سرمایہ کار کو ادا کرنا ہوں گی۔ اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر محمد طلال بدر کی زیر صدارت ہوا، سیکرٹری نجکاری کمیشن نے بریفنگ میں بتایا پی آئی اے میں آئندہ 3 برسوں کیلئے 5 سو ملین ڈالر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے ۔ پی آئی اے کی خریداری کیلئے 6 میں سے 3 کمپنیاں زیادہ دلچسپی لے رہی ہیں، 75 فیصد شیئرز فروخت پر اتفاق کیا گیا ہے ، اس سے قبل 51 فیصد سے 100 فیصد شیئرز فروخت کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ حکام نے بتایا وزیراعظم نے ہدایات دی ہیں پی آئی اے کی نجکاری یکم اکتوبر سے آگے نہیں بڑھائی جائے گی، خریدار کمپنیوں کا ڈیو ڈیلیجنس پراسس مکمل نہ ہوا تو بڈنگ آگے کرنا ہو گی۔ چیئرمین کمیٹی نے پی آئی اے کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا فیصل آباد سے ملک کے دیگر شہروں کیلئے پی آئی اے کی کوئی پرواز نہ ہونا تشویشناک ہے ۔

سیکرٹری نجکاری کمیشن نے انکشاف کیا کہ اداروں کی نجکاری نہ ہونے کے باعث نیشنل پاور پارک کمپنی، پاکستان سٹیل ملز، جناح کنونشن کیلئے تعینات فنانشل ایڈوائزر کو 47 کروڑ روپے سے زائد ادائیگیاں کی گئیں، حویلی بہادر شاہ اور بلوکی پاور پلانٹس کو نجکاری لسٹ ڈی لسٹ کر دیا گیا، نیشنل پاور پارک کمپنی کی نجکاری رکنے کے باوجود 33 کروڑ روپے ، پاکستان سٹیل ملز کے 13 کروڑ روپے اور جناح کنونشن سنٹر کے فنانشل ایڈوائزر کو 70 لاکھ روپے ادا کیے گئے ، گزشتہ 5 برسوں میں فنانشل ایڈوائزرز کو تقریباً 2 ارب روپے ادائیگی کی گئی، اس دوران تقریباً ساڑھے 4 ارب روپے کے اداروں کی نجکاری کی گئی۔ آپریشنل اخراجات ملا کر 1 ارب 99 کروڑ روپے خرچ ہوئے ۔ چیئرمین کمیٹی نے وزارت توانائی کے حکام کو ڈسکوز کے نقصانات پر طلب کر لیا، حکام ڈسکوز نقصانات اور نجکاری کے لائحہ عمل پر آگاہ کریں۔ نجکاری کمیشن نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری میں پیشرفت پر بریفنگ دی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں