یہ ملک اسلام کے نام پر بنا،بات بھی اسلام کی ہوگی :سعد رضوی

یہ ملک اسلام کے نام پر بنا،بات  بھی اسلام کی ہوگی :سعد رضوی

کراچی (سٹاف رپورٹر)سربراہ تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا ہے کہ آج ہم قانون تحفظ ختم نبوتؐ کی گولڈن جوبلی شان و شوکت سے منا رہے ہیں، تمام طاغوتی قوتیں اس کوشش میں ہیں کہ اس قانون میں ترمیم کر سکیں، لیکن جب تک حضور خاتم النبیینؐ کا ایک بھی غلام زندہ ہے وہ قانون ختم نبوت پر پہرہ دیتا رہے گا۔

تاجدار ختم نبوتؐ کانفرنس بسلسلہ گولڈن  جوبلی تقریبات قانون تحفظ ختم نبوتؐ سے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ یہ ملک اسلام کے نام پر بنا، اس میں بات بھی اسلام کی ہوگی، ہم تو ہمیشہ آئین اور قانون پر عملداری کی بات کرتے ہیں، ہمارے ملک کے حکمران ہی آئین و قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں،ملک میں ہر طرف افراتفری کا ماحول ہے ، یہ وقت پاکستان کو مضبوط کرنے کا ہے ، حکمران عیاشیوں کی زندگی گزار رہے اور عوام سے کہا جاتا ہے کہ صبر سے کام لیں، ہم اب بھی یہ کہتے ہیں کہ نبیؐ کے جھنڈے تلے جمع ہو جاؤ، سب پریشانیاں ختم ہوجائیں گی، ناموس رسالتؐ اور ختم نبوتؐ پر پہرہ دینا اور اس کی حفاظت کرنا ہم سب پر فرض ہے ، یہ فرض ہم سب نے مل کر ادا کرنا ہے ، آئیں اب بھی وقت نہیں گزرا مل کر اپنے ملک کو سنواریں، قادیانی روزِ اول سے دنیا کے بدترین کافر تھے ، ہیں اور رہیں گے ، ہمارے قانون دانوں کو آئین اور قانون پڑھ کر فیصلے سنانے چاہئیں۔ کانفرنس میں مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن، تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی سرپرست اعلیٰ قاضی محمود اعوان، مرکزی ناظم اعلیٰ مفتی غلام غوث بغدادی، امیر بلوچستان مفتی وزیر احمد، امیر کراچی مفتی قاسم فخری، ناظم اعلیٰ سندھ صوفی یحیی قادری، مفتی عمر فاروق، علامہ اعجاز، علامہ نذیر، کراچی کمیٹی کے ذمہ داران، ضلعی امرا ،سیاسی، دینی اور سماجی شخصیات نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں