دوسرا ٹیسٹ؛لٹن داس کی شاندار سنچری،بنگلہ دیش بھنور سے نکل گیا

دوسرا  ٹیسٹ؛لٹن داس  کی  شاندار  سنچری،بنگلہ دیش  بھنور  سے  نکل  گیا

راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم 26 رنز پر 6 وکٹیں گنوانے کے باوجود 262 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئی۔

 لٹن داس نے 138 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ تیسرے دن کے اختتام تک پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں2 وکٹوں کے نقصان پر9 رنز بنالئے اور اسے مہمان ٹیم پر 21 رنز کی برتری حاصل ہے ۔ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن لٹن داس نے شاندار سنچری بنا کر بنگلہ دیش کو مشکل صورتحال سے نکالا۔اس سے قبل پاکستان کی پہلی اننگز کے 274 رنز کے جواب میں بنگلہ دیش کی 6 وکٹیں صرف 26 رنز پر گر گئی تھیں،6 وکٹیں گرنے کے بعد مہدی حسن اور لٹن داس کے درمیان ساتویں وکٹ کی شراکت میں 165رنز کی میچ سیونگ پارٹنرشپ ہوئی۔ مہدی حسن میراز 78 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ لٹن داس نے 4 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 138 رنز بنائے ، وہ آغا سلمان کی گیند پر صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے ۔پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 6 اور میر حمزہ اور سلمان علی آغا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹیم میں شامل ہونے والے سپنر ابرار احمد کوئی وکٹ نہیں لے سکے ۔دوسری اننگز میں بھی پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا، پہلی اننگز میں صفر پر آئوٹ ہونیوالے عبداللہ شفیق اس مرتبہ بھی صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ نائٹ واچ مین کے طور پر بیٹنگ کیلئے آنے والے خرم شہزاد آئوٹ ہونیوالے دوسرے کھلاڑی تھے ، وہ کوئی رن نہ بناسکے ۔ صائم ایوب 6رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔دونوں پاکستانی بلے بازوں کو حسن محمود نے آئوٹ کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 274 رنز بنا کر آل آئوٹ ہوگئی تھی۔ آج میچ کے چوتھے روز بارش کا بھی امکان ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں