نیب ترامیم :بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے حکمت عملی کی تیاری
اسلام آباد(آئی این پی)نیب میں ترامیم کے فیصلہ کے بعد بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے حکمت عملی کی تیاری شروع کر دی گئی ۔پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے 8 ستمبرکے جلسے کے لئے حکمت عملی تیار کر لی ۔
جلسہ کامیاب بنانے کیلئے تمام تر قوت بروئے کار لانے پر اتفاق کرتے ہوئے تمام اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو حلقوں سے عوام کو جمع کر کے لانے کا ٹاسک دیدیا ہے جبکہ عدلیہ کے حوالے سے کسی بھی قسم کے بل اور قانون سازی کی بھرپور مخالفت اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال، نیب ترامیم فیصلے کے بعد بشریٰ بی بی اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کیس میں درخواست دینے پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق قانونی ٹیم نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نیب ترامیم فیصلے کے بعد بانی پی ٹی آئی کے خلاف کیسز غیر موثر ہوگئے ۔ تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے تمام اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو حلقوں سے عوام کو جمع کر کے لانے کا ٹاسک بھی دیا۔
اراکین کو ذمہ داریاں بھی تفویض کر دی گئیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں عدلیہ کے حوالے سے کسی بھی قسم کے بل اور قانون سازی کی بھرپور مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ کور کمیٹی میں نیب ترامیم کے پیش نظر بانی چیئرمین اور بشریٰ بی بی کے کیسز کرنے کے لئے درخواست دینے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں بانی تحریک انصاف کی رہائی بابت مشاورت کی گئی ۔کور کمیٹی نے بانی تحریک انصاف کی رہائی کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی، ذرائع کے مطابق کمیٹی کو ایک ہفتے میں رہائی کے لیے تجاویز اور حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کردی گئی ۔8 ستمبر کے جلسے میں بانی تحریک انصاف کی رہائی کے لیے حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا،کور کمیٹی اجلاس میں بانی کی رہائی کے لیے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔چیئرمین بیرسٹر گوہر نے رہائی کی تجاویز کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دی،اکثریتی ارکان نے کمیٹی بنانے کی مخالفت کردی ۔