یوم بحریہ ملی جذبے سے منایا گیا، وزیراعظم، وزرا کا خراج تحسین

 یوم بحریہ ملی جذبے سے منایا گیا، وزیراعظم، وزرا کا خراج تحسین

اسلام آباد، کراچی (نامہ نگار، وقائع نگار، دنیا نیوز، اے پی پی) ملک بھر میں یوم بحریہ ملی جوش و جذبے سے منایا گیا، وزیراعظم اور وفاقی وزرا نے اپنے بہادر سمندری محافظوں کی عظیم قربانیوں و بے مثال خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔

1965 کی جنگ میں 8 ستمبر کا دن پاک بحریہ کے نام رہا اور اس نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی نئی تاریخ رقم کی۔ پاک بحریہ کا سات جنگی جہازوں پر مشتمل جنگی بیڑا کراچی سے تقریباً350 کلو میٹر دور دوارکا پہنچا اور چند منٹ میں بھارتی ریڈار سٹیشن مکمل تباہ کر دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاک بحریہ کے تمام سٹاف کو دلی مبارکباد پیش کی ہے ، وزیراعظم نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا پاک بحریہ کو درپیش چیلنجز سے قطع نظر ان کی لگن اور جذبہ پرعزم ہے ، ملکی سمندری حدود کی حفاظت کیلئے ہم ان کی خدمات، قربانیوں کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ کے ناقابل فراموش کردار کو سنہری حروف سے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاتارڑ نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں یادگار شہداپر حاضری دی اور اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا دہشتگردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ، پاکستان کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے ، پاک بحریہ سمندری حدود کی حفاظت کیلئے پرعزم اور اس نے ملکی دفاع کیلئے عظیم قربانیاں دیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں