جڑواں شہر: 29مقامات پر کنٹینر لگا کر راستے بند

جڑواں شہر: 29مقامات پر کنٹینر لگا کر راستے بند

اسلام آباد (وقائع نگار ، مانیٹرنگ ڈیسک ) جڑواں شہروں کے داخلی وخارجی راستوں سمیت 29 اہم مقامات کو تحریک انصاف کے جلسے کے پیش نظر کنٹینر ز لگا کربند کئے جانے سے شہریوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا ۔

 پولیس نے اسلام آباد اور راولپنڈٖی کے مختلف داخلی راستے بند کر دئیے جس کے باعث جڑواں شہروں میں نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا ۔ایئر پورٹ ، ریلوے سٹیشن پر بھی شہری بروقت نہ پہنچ سکے ،متبادل اوردور د راز راستے اختیار کئے جانے کے باوجود شہری ٹریفک میں پھنس کر رہ گئے جبکہ جڑواں شہروں میں مصروف ترین تجارتی مراکز میں بھی رش نہ ہونے کے برابر تھا ۔ داخلی اور خارجی راستوں سمیت، جی ٹی روڈ کو سنگجانی کے مقام پر کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا، روات میں ٹی چوک ، جبکہ فیض آباد انٹرچینج کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ ایکسپریس ہائی وے کھنہ پل کے مقام پر کنٹینر لگا کر بند کر دی گئی، ایکسپریس ہائی وے کی بندش سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔ جلسے کے پیشِ نظر میٹرو بس سروس مکمل بند کر دی گئی، انتظامیہ کے مطابق میٹرو بس سروس راولپنڈی صدر سٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک بند کی گئی ۔ راستے بند ہونے سے ٹیکسی ڈرائیورز آن لائن ٹیکسی سروس بھی منہ مانگے کرائے وصول کرتے رہے ۔حالات پر قابو پانے کے لیے اسلام آباد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری طلب کی گئی جس کے بعد حالات پر قدرے قابو پالیا گیا۔تحریک انصاف کے جلسے کے لیے اسلام آباد آنے والے اہم راستے 29 مقامات سے بند کردیئے گئے ۔پی ٹی آئی جلسے کے پیش نظر راولپنڈی، اسلام آباد میٹرو بس، ریڈ لائن، گرین لائن، اورینج لائن، بلیو لائن اور پنک بس سروسز بند کی گئی ۔اسلام آباد کے جن مقامات پر راستے بند کیے گئے ، اُن میں فیض آباد، کھنہ پُل، روات، ٹی چوک، چونگی نمبر 26 کے راستے کنٹینر ز لگاکر بند کردیئے گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں