یرغمالیوں کی واپسی کیلئے لاکھوں اسرائیلیوں کا مظاہرہ جنگ بندی کا مطالبہ: نیتن یاہو کیخلاف نعرے
تل ابیب(اے ایف پی،رائٹرز،دنیا نیوز)اسرائیل میں یرغمالیوں کی واپسی کیلئے دارالحکومت تل ابیب سمیت دیگر شہروں میں ساڑھے 7 لاکھ مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے۔ یرغمالیوں کے اہلخانہ نے اسرائیلی وزیر اعظم سے حماس کے ساتھ فوری جنگ بندی کا مطالبہ دہرایا۔
مظاہرین کا کہنا تھا نیتن یاہو کے ہاتھ اسرائیلیوں کے خون سے رنگے ہیں ،اپنی کرسی بچانے کے لیے یرغمالیوں کی جانیں داؤ پر لگائی جارہی ہیں۔ اب تک جو یرغمالی زندہ لوٹے ان میں سے اکثریت کی معاہدے کے تحت واپسی ہوئی۔ مظاہرین نے یرغمالیوں کی بازیابی کیلئے بینرز اُٹھا رکھے تھے جن میں نیتن یاہو حکومت کے خلاف نعرے درج تھے ۔مظاہرین نے اسرائیلی وزیر اعظم کیخلاف نعرے لگاتے ہوئے امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو کو درمیان سے ہٹا کر براہ راست حماس سے مذاکرات کریں اور جلد از جلد جنگ بندی معاہدہ طے کرائیں۔ دوسری جانب اردن کے ٹرک ڈرائیور نے اتوار کو مغربی کنارے اور اردن کے درمیان سرحدی کراسنگ پر تین اسرائیلی محافظوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ نیتن یاہو نے گارڈز کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ایران برائی کا محور ہے ، ہمارا ملک جس مہلک نظریے سے گھرا ہوا ہے اس کی قیادت تہران کر رہا ہے ،ان کا مقصد ہمارے درمیان نااتفاقی پیدا کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اپنے بھائیوں کے قتل کا بدلہ لیں گے، یرغمالیوں کی بازیابی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔علاوہ ازیں گزشتہ روز غزہ پر اسرائیلی بمباری میں 33 افراد شہید، 80 سے زائد زخمی ہو گئے ۔وزارت صحت کے مطابق صیہونی حملوں میں اب تک 41 ہزار سے زائد فلسطینی شہید، 94 ہزار 761 زخمی ہوچکے۔