عمرایوب،اسد قیصر،زرتاج گل،فیصل امین کی راہداری ضمانت منظور
پشاور ،اسلام آباد،( مانیٹرنگ ڈیسک ،اپنے نامہ نگارسے )پشاور ہائیکورٹ نے تحریکِ انصاف کے رہنماؤں زرتاج گل، عمر ایوب، اسد قیصر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بھائی فیصل امین گنڈا پور کی 10 اکتوبر تک کی راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے انھیں متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کی ہدایت کر دی ۔
بدھ کے روز سماعت کے دوران زرتاج گل کے وکیل کا کہنا تھا کہ سابق وزیر، اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے کے بعد درج کیے گئے مقدمے میں نامزد ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی موکلہ کے خلاف پنجاب میں اور بھی مقدمات درج ہیں۔زرتاج گل کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت حکم جاری کرے کہ ان کی مو کلہ کو گرفتار نہ کیا جائے ۔سماعت کے دوران جسٹس شکیل احمد کا کہنا تھا کہ پہلی بار دیکھ رہا ہوں کہ ریاست ضمانت کی درخواست کی مخالفت نہیں کررہی ہے ۔اس پر خیبر پختونخوا کے ایڈو وکیٹ جنرل نے جواب دیا کہ ہم مخالفت نہیں کررہے ہیں کیونکہ ہم انصاف کے ساتھ ہیں۔عدالت نے تمام درخواست گزاروں کی 10 اکتوبر تک راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے انھیں متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔ پی ٹی آئی کے ایم این ایزکے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کا حکم اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا،چیف جسٹس کی سربراہی میں ڈویژن بینچ آج سماعت کرے گا۔
شیخ وقاص اکرم، شعیب شاہین، زین قریشی اور شیرافضل کی جانب سے وکلا علی بخاری اور عادل عزیز قاضی کے ذریعے نظرثانی درخواستیں دائرکرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انسدادِ دہشت گردی عدالت نے جلد بازی میں جسمانی ریمانڈ منظور کیا،انسدادِ دہشت گردی عدالت نے ایف آئی آر میں کردار کا جائزہ لیے بغیر فیصلہ سنایا، ٹرائل عدالت کے فیصلے میں جسمانی ریمانڈ منظوری کی وجوہات تحریر نہیں کی گئیں، انسدادِ دہشت گردی کا فیصلہ اصول قانون، سچ و انصاف کے منافی ہے ، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نظرثانی درخواست منظور کرتے ہوئے انسدادِ دہشت گردی عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کا ڈویژن بینچ آج ان درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ادھر رجسٹرار آفس نے درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کردیں،چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل ڈویژن بینچ سماعت کرے گا۔انسداددِہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین کی عدالت نے 26 نمبر چونگی توڑپھوڑ کیس میں پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی۔دلائل مکمل ہونے پرعدالت نے شعیب شاہین کی ضمانت منظور کرنے کا حکم سنادیا، شعیب شاہین کے خلاف تھانہ نون میں مقدمہ درج کیاگیاتھا،تھانہ نون میں درج مقدمہ میں ضمانت منظور ہونے کے باوجود شعیب شاہین کی رہائی ممکن نہیں ہو سکی ۔