اسلام آبادبلدیاتی انتخابات عارضی ملتوی،رولزتبدیلی کیلئے کمیٹی قائم
اسلام آباد(وقائع نگار )الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات عارضی طور پر ملتوی کر دیئے اور اسلام آباد لوکل گورنمنٹ قانون اور رولز میں تبدیلی کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی۔
کمیٹی میں سیکرٹری داخلہ، قانون، سپیشل سیکرٹری اور سیکرٹری الیکشن کمیشن ہوں گے ،الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق اسلام آباد لوکل گورنمنٹ انتخابات بارے الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس نثاراحمددرانی کی زیرصدارت ہوا، جس میں سیکرٹری داخلہ، قانون ،الیکشن کمیشن حکام، چیف کمشنر اور ڈی سی اسلام آباد نے شرکت کی، وزارت داخلہ نے نئے شیڈول کی سفارش جبکہ وزارت قانون نے حمایت کی۔ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نے کہا الیکشن کمیشن لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کی گئی جس کا گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری ہو چکا ہے ۔اعلامیے میں کہا گیا کہ الیکشن قوانین میں ترامیم سے الیکشن کے انعقاد میں تاخیر اورالیکشن کمیشن کی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے ، قانون سازی میں ترمیم کے بعد الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں سمیت تمام مراحل دوبارہ شروع کرنا پڑتے ہیں۔یادرہے کہ اسلام آبادکے بلدیاتی انتخابات کیلئے 9اکتوبرکوپولنگ ہونی تھی۔