نابینا افراد کا وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا:خصوصی افرادکے مسائل کا احساس،پولیس سختی نہ کرے:مریم نواز
لاہور (اے پی پی،سیاسی نمائندہ ،دنیا نیوز )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے نابینا افراد کے احتجاج پر نوٹس لے لیا اور نابینا افرا د سے کسی قسم کی سختی نہ کرنیکا حکم دیاہے ۔ وزیر اعلیٰ نے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کو نابینا افراد سے بات چیت کرکے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے نابینا افراد کے تشدد سے زخمی پولیس اہلکاروں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور پولیس اہلکاروں کے سرپھاڑنے کے باوجود نابینا افراد کے ساتھ تحمل سے پیش آنے کی ہدایت کی۔ مریم نواز نے کہا سپیشل پرسنز (خصوصی افراد )کے مسائل کا ہمیں احساس ہے ، پولیس تحمل کا مظاہرہ کرے ۔ قبل ازیں نابینا افراد نے گورنر ہاؤس کے باہر دھرنا دینے کا پلان تبدیل کرکے سی ایم ہائوس کے باہر دھرنا دے دیا۔نابینا افراد نے فیصل چوک سے سی ایم ہاؤس کی جانب مارچ شروع کیا تو گورنر ہاؤس سے چند میٹر پہلے پولیس نے باغ جناح کے سامنے مظاہرین کو روک لیا ،مظاہرین نے زبردستی بیرئیرز گرانے کی کوشش کی جس پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان ہاتھاپائی ہوئی اس دوران کچھ مظاہرین اور پولیس اہلکار زخمی ہوئے ۔ تصادم کی خبریں چلیں تو ڈی آئی جی آپریشنز ، ڈی سی اور دیگر افسر موقع پر پہنچ گئے ۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا تھا یہ غلط خبر ہے ہم تشدد کر رہے ہیں ہمارے 8 سے 10 لوگ زخمی ہوئے ہیں جبکہ دھکم پیل میں ان کے بھی لوگ زخمی ہوئے ، سی ایم کی طرف سے واضح ہدایات ہیں کہ کچھ نہ کہا جائے ، حکومت ان کے لیے پلان بنا رہی ہے جس کا جلد اعلان کر دیا جائے گا۔نابینا افراد نے کہا ہمارے مطالبات مانے جائیں اور مستقل ملازمتیں دی جائیں، مظاہرین نے مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ۔
حکام کا کہنا ہے یہ جہاں احتجاج کرنا چاہتے ہیں کر لیں کوئی ایکشن نہیں ہو گا۔دو بار پولیس سے سامنا ہونے اور پورا دن سڑک پر بیٹھے رہنے کے بعد حکام کی جانب سے نابینا افراد کو ایوان وزیر اعلیٰ کے باہر احتجاج کرنے کی اجازت دے دی گئی۔ دریں اثنائوزیراعلیٰ مریم نواز نے عوامی جمہوریہ چین کی 75ویں سالگرہ کے گولڈن ویک کے آغاز پر مبارکباد کا پیغام دیاہے ۔ انہوں نے چین کے عوام کو قومی دن پر خصوصی مبارکباد پیش کی اورصدر شی جن پنگ او ران کے رفقا کار کے لئے نیک تمناؤں کااظہا ر کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا چین او رپاکستان مثالی ہمسائے ، اچھے دوست اور قابل قدر شراکت دار ہیں ، پاک چین دوستی حکومت سے عوام کی سطح تک ناقابل تردید حقیقت ہے ،چینی تعاون سے پاکستانی معیشت کی ترقی اور استحکام میں مدد مل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان اور چین سی پیک کی مشترکہ تعمیر کے لئے پر عزم ہیں ۔ مریم نواز نے بزرگ افراد کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا بزرگ ہمارے ماضی کا عکس، حال کی روشنی اور مستقبل کے لئے ایک سبق ہیں۔ بزرگ وہ چراغ ہیں جن کی روشنی میں نسلیں پروان چڑھتی ہیں۔ بزرگ افراد پاکستان کا سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا بزرگوں کا احترام ہمارے عقائد اور تہذیب کا حصہ ہے ۔ بزرگوں کے حقوق کا خیال رکھنا ہمارا فرض ہے ، انکے لئے وہ آسانیاں پیدا کریں جس کے وہ مستحق ہیں۔