این ایف سی معاہدے ہوگئے ،منی بجٹ نہیں آئیگا: وزیر خزانہ
اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے صوبوں کے ساتھ نئے قومی مالیاتی معاہدے ہو گئے ہیں، صوبوں نے این ایف سی معاہدے پر دستخط کردئیے ہیں، ملک میں کوئی منی بجٹ نہیں آئے گا۔
تمام صوبوں نے زرعی انکم ٹیکس کے نفاذ پر رضامندی ظاہر کی ہے ۔ ٹی وی کو انٹرویو میں وزیر خزانہ نے کہا آئی ایم ایف کے پروگرام سے ملک میں معاشی استحکام کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی، ہمارا روپیہ مستحکم ہو گیا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر جو ایک ماہ کے لیے رہ گئے تھے وہ اب دو ماہ کے لیے ہوگئے ہیں، پالیسی ریٹ نیچے آگیا ہے ۔وزیر خزانہ نے کہا قومی مالیاتی معاہدے کیلئے سب سے زیادہ تعاون وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کیا انہوں نے سب سے پہلے دستخط کئے ، حکومت نے ملک میں یکساں زرعی انکم ٹیکس کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے ، صوبے اپنے ریونیو میں اضافہ کریں گے ، پی ایس ڈی پی کے کچھ منصوبوں میں صوبے بوجھ اٹھائیں گے ۔محمداورنگزیب نے کہا مالی معاہدوں کے تحت بعض اخراجات صوبوں کو منتقل ہو جائیں گے ، گندم اور گنے کی امدادی قیمتیں مرحلہ وار ختم کی جائیں گی، رئیل اسٹیٹ اور ریٹیل ٹریڈ پر ٹیکس عائد ہوں گے ۔انہوں نے کہا امید ہے معاشی اصلاحات کے نتیجے میں کریڈٹ پالیسی ریٹ مزید نیچے آئے گا۔