عمران خان کو میر امشورہ ہے زرداری کی قیادت میں بیٹھ جائیں سب بہتر ہو جائیگا :گورنر پنجاب
لاہور،راولپنڈی (سپیشل رپورٹر،آئی این پی)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ہٹ دھرمی، گالی اور گولی کی سیاست سے نکلنا پڑے گا۔
میرا مشورہ ہے کہ زرداری کی قیادت میں بیٹھ جائیں تو ساری چیزیں بہتر ہو جائیں گی،احتجاج تحریک انصاف کا حق ہے لیکن پہلے پاکستان کی فکر کریں اور شنگھائی کانفرنس تک اپنے انقلاب کو بریک لگائیں ، آئینی ترامیم کے حق میں ہوں پیپلز پارٹی ترامیم میں انکو شامل کرنا چاہتی ہے ۔ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں گورنر نے کہا علی امین ہویا عمران خان،تحریک انصاف کا کوئی بھی فرد ہو،غیر ذمہ دارانہ بیانات نہ دیں،سیاست کریں لیکن ملک کے بارے میں بھی سوچیں۔ سیاست میں ایسا نہیں ہوتا آپ کہیں کہ ایک گولی چلی 10 چلائیں گے پتھر ماریں گے ،ٹیبل پر بیٹھ کر بات چیت کریں پیپلز پارٹی 19 ویں ترمیم میں موجود خرابی دور کرنا چاہتی ہے ۔ اپوزیشن اوروکلا سے اتفاق رائے سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ وائس چانسلرز معاملے پر کوئی جھگڑا نہیں، میں کہتا ہوں سو فیصد میرٹ پر عمل ہو ۔