ایران کا جواب موثر،خطے کیلئے شاید اچھانہ ہو:دفاعی تجزیہ کار
لاہور(دنیا نیوز )دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے دفاعی تجزیہ کار بریگیڈئر (ر) طارق حمید نے کہا کہ اس وقت اسرائیل جنونی موڈ میں ہے اور جنگ کیلئے تیار ہے ، اسے اقوام متحدہ، سکیورٹی کونسل کوئی بھی نہیں روک سکتا، اسے امریکا اور مغربی ممالک کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
جہاں بھی اسرائیل کی مخالفت نظر آ رہی ہے وہ اسے کرش کر رہے ہیں، آج ترکیہ کے صدر نے بھی کہا ہے کہ اسرائیل، گریٹر اسرائیل کی تیاریوں میں ہے ، انہوں نے کہا جو اس کیخلاف کھڑا ہو گا یہ اس سے جنگ کرے گا، یہ ترکیہ کے پیچھے بھی آئے گا، ابھی ان کا فوکس مکمل لبنان پر ہے ، غزہ میں وہ اپنا مشن مکمل کر چکے ہیں۔ ماہر امور مشرق وسطیٰ منصور جعفر نے کہاامریکا نے تو پہلے ہی ایران پر بے پناہ پابندیاں لگا رکھی ہیں، وہ عرصہ دراز سے انہیں برداشت کرتا آ رہا ہے ، اسے دیوار سے لگایا ہوا ہے ، اسرائیل نے ایران کے اندر گھس کر رہنمائوں کو شہید کیا۔
اسماعیل ہنیہ کو اسکی سر زمین پر شہید کیا، آج ایران نے اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنا دیا ہے ، ایران کیخلاف بیان دینے والوں کو اندازہ ہو گیا ہو گا کہ وہ اپنی پالیسی پر کاربند ہے ، وہ پوری تیاریوں کے ساتھ میدان میں اترا ہے ، دفاعی تجزیہ کار میجر جنرل (ر)زاہد محمود نے کہا ایران نے اسرائیل پر جوابی حملہ کیا ہے جس کا اعادہ اس نے ہنیہ کی شہادت پر کیا تھا، لیکن یہ ریجن کیلئے کوئی اچھی علامت نہیں، ہنیہ کی شہادت کے بعد ایران پر ریجنل اور اندرونی پریشر بہت بڑھ گیا تھا، ہنیہ اور حسن نصر اللہ کی شہادت پر سمجھا جا رہا تھا کہ یہ صرف زبانی کلامی ہو گا، اسرائیل کا ایرانی سرزمین میں گھس کر ہنیہ کو شہید کرنا ایرانی کیلئے بہت بڑا چیلنج تھا،ایران کا جواب موثر ہے لیکن یہ خطہ کیلئے شاید اچھا ثابت نہ ہو۔