خوفزدہ نہیں ، جارحیت پرموثر جواب ملے گا:ایرانی قونصل جنرل

 خوفزدہ نہیں ، جارحیت پرموثر جواب ملے گا:ایرانی قونصل جنرل

لاہور (نامہ نگار خصوصی)اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر مغرب نے ایران کو کسی ردعمل سے روکتے ہوئے یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ ہم غزہ میں جنگ بندی کے ساتھ امن یقینی بنائیں گے لیکن اسرائیل کا ہاتھ پکڑنے کے بجائے اسکی جانب سے لبنان میں ہمارے کمانڈرز اور خصوصاً حسن نصراﷲ کو شہید کرکے ہمیں ردعمل دینے پر مجبور کیا ہے ۔

یہ بات لاہور میں ایرانی قونصل جنرل مہران مواحدفر نے ممتاز صحافی تجزیہ نگار مجیب الرحمن شامی کی رہائشگاہ پر انکی عیادت کے بعد و ہاں   صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں بتائی۔ ایرانی قونصل جنرل نے کہا ایران نے ردعمل میں اسرائیلی عسکری تنصیبات کو ٹارگٹ کیا جبکہ اسرائیل آبادیوں پر بمباری کر رہا ہے جو اسکی انسانیت دشمنی کا ثبوت ہے ۔ امریکا کو چاہیے کہ اسرائیل کا فریق بننے کی بجائے امن کیلئے کردار ادا کرے ۔ امریکا کی تاریخ فتنہ وفساد ہے ، وہ جہاں جاتا ہے خرابی پیدا کرتا ہے ۔ خود پاکستان کے مغربی بارڈر پر کیا ہو رہا ہے اسکا اسلحہ دہشتگردی میں استعمال ہو رہا ہے خطے میں استحکام کا دارومدار یہاں سے امریکی انخلا پر ہے ۔ انہوں نے اس پروپیگنڈا کو بے بنیاد قرار دیا کہ ایران مشرق وسطیٰ میں پٹرولیم ذخائر کو نقصان پہنچا سکتا ہے ، سعودی عرب سے ہمارے اچھے تعلقات ہیں ہم اپنی طاقت کو ان ممالک کیخلاف استعمال نہیں کرسکتے ۔ہم کسی طاقت سے خوفزدہ نہیں ، اگر کوئی اب بھی جارحیت کا ارتکاب کرے گا تو موثر جواب ملے گا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی جنرل اسمبلی میں تقریر کو جرات مندانہ قرار دیا اور کہا انہوں نے عالم اسلام کی درست ترجمانی کی ۔ انہوں نے کہا حسن نصراﷲ کی شہادت سے حزب اﷲ کمزور نہیں مضبوط ہوئی۔ اسرائیل کیخلاف ایرانی ردعمل پر پاکستانیوں کے جذبات سے آگاہ ہیں ،جانتے ہیں انکے دل فلسطینیوں کیلئے دھڑکتے ہیں اور انہی جذبات کی ترجمانی وزیراعظم نے جنرل اسمبلی میں کی۔ پاکستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے ، ہماری ایک تاریخ ہے ، جس پر ہمیں ناز ہے ۔ ایرانی قونصل جنرل نے کہا مجیب الرحمن شامی ہمارا بھی سرمایہ ہیں ان کا دل امت کیلئے دھڑکتا ہے ، ہم ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں