عثمان قادرکا ریٹائرمنٹ کا اعلان ،آج میرے لئے سیاہ دن :اہلیہ

 عثمان قادرکا ریٹائرمنٹ کا اعلان ،آج میرے لئے سیاہ دن :اہلیہ

لاہور(سپورٹس ڈیسک )قومی ٹیم کے لیگ سپنر عثمان قادر نے پاکستان کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کردیا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پرایک ون ڈے اور 25 ٹی20 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنیوالے عثمان قادر نے پی سی بی کی جانب سے مواقع نہ ملنے اور این او سی پالیسی سے دلبرداشتہ ہوکر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ عثمان قادر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں میرا سفر بڑا شاندار رہا، پاکستان کی نمائندگی میرے لیے اعزاز ہے ۔ میں کوچز اور ٹیم کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے سپورٹ کیا، میں اب نئے باب میں داخل ہو رہا ہوں، اپنے والد کی وراثت کو جاری رکھوں گا۔عثمان قادر سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر مرحوم کے بیٹے ہیں، دوسری طرف عثمان قادر کی ریٹائرمنٹ پر اہلیہ صوبیہ عثمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری جذباتی پیغام میں لکھا کہ آج میرے لیے بطور پاکستانی ایک سیاہ دن ہے ۔ پاکستان میں ہر میدان میں من پسند افراد کو نوازا جاتا ہے اور اقربا پروری پائی جاتی ہے ۔ پسندیدگی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے ، ہم مستحق افراد کی حمایت کیے بغیر ترقی نہیں کر سکتے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں