پی ٹی آئی احتجاج کی طاقت پہلی والی نہیں رہی :تھنک ٹینک

 پی ٹی آئی احتجاج کی طاقت پہلی والی نہیں رہی :تھنک ٹینک

لاہور (دنیا نیوز )دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی آئینی ترامیم اور آئی ایم ایف سے ملنے والا پیکیج ہضم نہیں کرپارہی جس کے باعث وہ انتہائی اقدام کرتے ہوئے احتجاج پر اترآئی ہے ۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’’تھنک ٹینک ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان غنی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے پاس 2014والا سگنل اور تھپکی نہیں ہے اس لئے اس کی احتجاج کی طاقت پہلے والی نہیں رہی ،اسلام آبادمیں احتجاج شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کا اجلاس متاثر کرنے کیلئے ہے ۔ تجزیہ کار حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ ٹائمنگ کے حوالے سے تحریک انصاف کااحتجاج عمران خان کیلئے درست ہے لیکن حکومت کیلئے درست نہیں ۔عمران خان کی پوری سیاست احتجاج اوردھرنوں پر مبنی ہے ، چین،روس اور انڈیا کی موجودگی میں شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس غیرمعمولی ہے ،اس کو مد نظر رکھ کرعمران خان احتجاج کرکے مقاصد حاصل کرناچاہتے ہیں ۔ تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس کاکہنا تھا کہ اس وقت دنیا کے بڑے بڑے رہنما پاکستان آرہے ہیں اورموجودہ حالات سے حکومت کا درست تاثر نہیں جاتا ۔ تجزیہ کار رشید صافی کا کہنا تھا کہ اس وقت لڑائی ریاست اور تحریک انصاف کے درمیان ہے ،علی امین گنڈا پورکی چند لوگوں کیساتھ اسلام آباد پر چڑھائی غلط ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں