آئینی ترامیم لانا سپریم کورٹ اور آئین پر خود کش حملہ، تھنک ٹینک
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا ہے کہ اس وقت جو کچھ اسلام آبا دمیں ہورہا ہے یہ صرف آئینی ترامیم کا راستہ روکنے کیلئے ہورہاہے۔
اس لئے تحریک انصاف اسے اپنی سیاسی موت سمجھتی ہے ،حکومت اور سٹیک ہولڈر کی یہ ضرورت ہے ،دنیا نیوز کے پروگرام ’’تھنک ٹینک ‘‘میں میزبان مریم ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان غنی کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس نمبرپورے نہیں ہیں،جوبھی کوششیں ہورہی تھیں وہ اب تک ساری ناکام ہو چکی ہیں، بلاول بھٹو بھی قائل کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں،جب نمبر پورے ہوجائیں گے تو پھر ترمیم لائی جائے گی۔ تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس کاکہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعدمیرے جو قومی ہیرو تھے وہ زیرو نٖظر آرہے ہیں، اس لئے ان کی ضرورت نہیں پڑے گی، تحریک انصاف کوآخری امید عدلیہ سے تھی،اب نہیں رہی،ہر چیز تیار ہے صرف ترامیم لانے کا ا نتظار ہے ، آئینی ترامیم لانے سے یہ ہوگا اس سے پاکستان کے نظام کی خرابیاں سب کے سامنے آجائیں گی۔تجزیہ کار زاہد حسین نے کہا کہ اب تک کسی کو پتا نہیں ہے کہ آئینی ترامیم ہے کیا؟،اس کے مقاصد کیا ہیں ؟،اسمبلی اجلاس میں خود وزیر داخلہ نے کہا تھا یہ مسودہ مجھے کل ملا،18ویں ترمیم جب پاس ہوئی تھی اس کیلئے ایک سال تک بحث ہوتی رہی، پھر جاکر ترمیم پاس ہوئی تھی،اب آئینی ترامیم سازشی انداز میں پیش کی جارہی ہیں،آئینی ترامیم کا مسئلہ حکومت اور پی ٹی آئی کا نہیں ، یہ مسئلہ زیادہ سنگین ہے ، یہ مسئلہ جمہوریت اور نظام کیلئے اہم ہے ،اگر ترامیم پاس بھی کرالی جاتی ہے توآئین کی شکل تبدیل ہوجائے گی۔ تجزیہ کار ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ آئینی ترامیم پرجو سوال اٹھ رہے ہیں اس پر مسئلہ پی ٹی آئی کا نہیں ہے ، آئینی ترامیم کا لانا ہے سپریم کورٹ اور آئین پر یہ خود کش حملہ ہے ،یہ ہم سب کا مسئلہ ہے ۔اگر پی ٹی آئی اس مسئلے کو اجاگر کررہی ہے تووہ سب پر مہربانی کررہی ہے ،یہ پورے ملک اور آزاد عدلیہ کا مسئلہ ہے ۔