ہائیکورٹ کا زرتاج گل کی نظر بندی ختم کرکے رہا کرنے کا حکم
لاہور(عدالتی رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں )لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ نے سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کی نظر بندی ختم کرکے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ کے جسٹس محمد وحید خان نے زرتاج گل کی نظربندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی ۔وکلا کے دلائل سننے کے بعد جسٹس محمد وحید خان نے زرتاج گل کی نظر بندی فوری ختم کرنے اور رہائی کا حکم دے دیا۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں تحریک انصاف کے رہنماؤں عمر ایوب، اسد عمر سمیت دیگر ملزموں کو 30 اکتوبر تک پیش ہونے کی ہدایت کردی۔ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے ملزموں کی عبوری ضمانتوں میں 30 اکتوبر تک توسیع کا حکم دے دیا۔انسداد دہشت گردی عدالت نے پانچ اکتوبر کو پی ٹی آئی کے لاہور میں احتجاج اور جلائو گھیراؤ کے مقدمے میں سلمان اکرم راجہ کی 16 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے مسلم لیگ نون کا آفس جلانے ، کلمہ چوک میں کنٹینر جلانے سمیت 6 مقدمات کے ٹرائل میں کارروائی 16 اکتوبر تک ملتوی کر دی،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آئندہ سماعت پر شیر پائو پل پر تقاریر اور جلائو گھیراو کیس میں فرد جرم عائد کی جائے گی، گرفتار شاہ محمود قریشی سمیت دیگر کو جیل سے پیش نہیں کیا گیا،عدالت نے صنم جاوید کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔