بنوں ،شمالی وزیرستان میں آپریشنز ،4دہشتگرد ہلاک
اسلام آباد (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دو الگ الگ آپریشنز میں چار خوارج دہشت گرد ہلاک ہو گئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 9 اکتوبر کو ضلع بنوں کے علاقے جانِ خیل میں خوارج کی اطلاع پر فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو خوارج ہلاک کردیئے گئے ۔10 اکتوبر کو شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں ایک اور آپریشن میں فورسزنے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، فائرنگ کے تبادلے میں مزید دو خوارج مارے گئے ۔ مارے گئے خوارج سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ،یہ دہشتگرد فورسز کیخلاف دہشتگردانہ سرگرمیوں، اغوا اور بیگناہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے ۔ علاقے میں مزید خوارج کی تلاش اوران سے علاقے کو پاک کرنے کا عمل جاری ہے ، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو مکمل طور پر ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔