مریدکے :سیاسی وسماجی رہنما اراضی تنازع پر پوتے سمیت قتل

مریدکے :سیاسی وسماجی رہنما  اراضی تنازع پر پوتے سمیت قتل

مریدکے ،کالا شاہ کاکو(نمائندہ دنیا،نامہ نگار)اراضی کا تنازع دو قیمتی جانیں لے گیا۔ مریدکے شہر کے نامورسیاسی وسماجی رہنما حاجی لطیف مہر پوتے سمیت حملے میں جاں بحق جبکہ بیٹا شدید زخمی ہوگیا۔

مریدکے سے نمائندہ دنیاکیمطابق حاجی لطیف کے دفتر میں اراضی تنازع پر پنچایت میں مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے 80 سالہ لطیف مہر جواں سالہ پوتے عبیداللہ سمیت جاں بحق ہو گئے جبکہ انکا 55سالہ بیٹا سابق نائب ناظم تنویر مہر شدید زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال مریدکے سے میو ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔ ملزم موقع سے فرار ہو گئے ۔سٹی پولیس ملزموں کی گرفتاری کیلئے شہر بھرمیں چھاپے مار رہی ہے ۔لطیف مہر کامریدکے کی آرائیں برادری کے سرکردہ افراد میں بھی شمار ہوتاتھا، انکے پوتے سمیت قتل پرشہر کی فضا سوگوار ہوگئی ۔ کالا شاہ کاکو سے نامہ نگار کیمطابق لطیف مہر گروپ کا رانا چن نامی نوجوان کیساتھ 13مرلہ پلاٹ کا تنازعہ تھاجسکے بھائی میر حسین نے لطیف مہر کے ڈیرہ پر پہنچ کر معاملے پرمذاکرات کئے اور تنازع حل ہونے پر بھائی چن کو فون پر بلا لیا۔ دوبارہ بات چیت پرملزم رانا چن کی حاجی لطیف کے پوتے سے تلخ کلامی ہو گئی جس پر ملزم نے اچانک اسلحہ نکال کر فائرنگ کردی جس سے لطیف مہر اور انکا پوتا عبید اﷲموقع پر چل بسے جبکہ لطیف مہر کا بیٹا تنویر مہر شدید زخمی ہو گیا ۔عبید اﷲکی چند ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔ ڈی ایس پی سرکل مریدکے نے پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کئے اور لاشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹرزہسپتال مریدکے منتقل کر دیا۔ پولیس نے تفتیش شروع کردی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں