ترمیم پرفکر نہیں کرنی چاہئے ، متحدہ ووٹ دیدے گی:تھنک ٹینک
لاہور (دنیا نیوز )تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہاہے کہ ایم کیو ایم بارے آئینی ترمیم پر فکر کرنے کی ضرورت نہیں، یہ صرف اعتراض کرتی ہے اور کرے گی، بالآخر قومی مفاد میں ووٹ دیدے گی کیونکہ ایم کیو ایم ہمیشہ قومی مفاد میں فیصلہ کرتی ہے ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘تھنک ٹینک ’’میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قومی مفاد یہی ہوگا کہ جو حکومت کہہ رہی ہے وہ بات مان لی جائے ،ایم کیو ایم یہ چاہتی ہے کہ لوکل گورنمنٹ مضبوط ہو تاکہ سندھ میں پیپلز پارٹی کے چنگل سے نکل کر شہروں میں اپنا قبضہ کرلے جس سے ایم کیو ایم کا خیال ہے کہ وہ شہروں میں اکثریت حاصل کرلے گی۔دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم جس مسودے کی بات کررہی ہے میر اخیال ہے اس نے وہ میٹنگ میں دکھا دیا ہوگا،ایم کیو ایم نے آج تک اپنا مسودہ قوم کو نہیں دکھایا ،خفیہ رکھا ہوا ہے ،اسی خفیہ مسودہ پر الیکشن بھی جیت جاتے ہیں،ایک میٹنگ کی ضرورت تھی وہ وزیر اعظم شہباز شریف سے ہو گئی ہے ،جس مسودے پر بات چیت چل رہی ہے وہ مسودہ بھی ایم کیو ایم کا ہے اورجو مسودہ فائنل ہو رہا ہے اس کا زیادہ فائدہ ایم کیو ایم کو ہوگا،ترامیم لانا عوام کے مسائل نہیں، یہ سیاسی جماعتوں کے ایشوز ہیں۔تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس کاکہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی تجاویزقابل توجہ ہیں، اس پر ساری سیاسی جماعتوں کو غور کرنا چاہئے کہ شہری حکومتیں بننی چاہئیں،میرا خیال ہے اگر ایم کیو ایم اس پر ڈٹ جائے تو مطالبہ منوا سکتی ہے اور ملک کا مفاد اسی میں ہے ۔تجزیہ کار ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ہر اقتدار میں آنے والی جماعت کے ساتھ شامل رہی، پرویز مشرف ، ن لیگ ، پی پی اور پی ٹی آئی کے ساتھ رہی،اب ایم کیو ایم کے کیا مفاد ہوسکتے ہیں؟،انہوں نے کیا کردار ادا کرنا ہے ؟،ایم کیو ایم حکومت کے ساتھ ہے ، اسکے کوئی تیور نہیں بدلے ۔