کارکن اشرافیہ کیخلاف حتمی لڑائی کیلئے تیار ہوجائیں:حافظ نعیم
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، ایجنسیاں ) امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے بیک وقت پورے ملک میں زونل اجتماعات میں مردوخواتین ارکان سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی تحریک نہ چلاتی تو آئی پی پیز کی لوٹ مار جاری رہتی، راولپنڈی معاہدے پر عمل درآمد کرائیں گے ۔
مٹھی بھر اشرافیہ وسائل پر 77برس سے قابض ہے ، کارکن اس کے خلاف فیصلہ کن لڑائی کے لیے تیار ہو جائیں، جماعت اسلامی کی ’’حق دو تحریک‘‘ عوام کے ریلیف کیلئے ہے ۔کسی سیاسی اتحاد کاحصہ نہیں بنیں گے ۔اپنے نشان اور جھنڈے کے ساتھ میدان میں اتریں گے ۔ پورے ملک میں ممبر شپ کیمپوں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ ملک میں بڑی تبدیلی کی ضرورت ہے اور وہ تبدیلی صرف جماعت لاسکتی ہے ،حافظ نعیم الرحمن کی زیرصدارت ملک بھر میں موجود ارکان کا آن لائن اجلاس ہوا، جس میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک بھر سے 47 ہزار مرد اور 7 ہزار خواتین ارکان نے آن لائن اجتماع ارکان میں شرکت کی۔ حافظ نعیم نے کہاکہ جماعت اسلامی کے دروازے ہر اس پاکستانی کیلئے کھلے ہیں جو عوام کے حقوق اور ملک میں اسلامی نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کرنا چاہتی ہے ۔ جماعت اسلامی چاروں صوبوں میں50لاکھ نئے ممبرزبنائے گی، دوسرے مرحلے میں عوامی کمیٹیاں بنائیں گے ۔70سال سے سسٹم پر مسلط طبقات، فارم47کی پیداوار، وصیتوں اور وراثتوں سے چلنے والی پارٹیاں اپنی ناکامی تسلیم کریں۔جماعت اسلامی پرامن سیاسی مزاحمت اور عوامی تائید کے ذریعے انہیں ناکامی تسلیم بھی کرائے گی اور انہیں عوام کے سروں سے بھی ہٹائے گی۔ہمیں ظالموں کا مقابلہ کرنا ہے ، پاکستان کو مافیا سے نجات دلانا ہے ۔ حکومت کو ہر صورت بجلی کے بلوں میں کمی لانا ہوگی۔ مزید آئی پی پیپز کے معاہدوں کو ختم کر کے عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ فلسطین پر پوری قوم کو ایک پیج پر متحد کر دیا ۔