چینی کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں کی پاسداری کرینگے : وزیر خزانہ

 چینی کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں  کی پاسداری کرینگے : وزیر خزانہ

اسلام آ باد (نیوز ایجنسیاں )وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ چینی آئی پی پیز پاکستان میں سب سے بڑے بیرونی سرمایہ کار ہیں، آئی پی پیز کے حوالہ سے چینی کمپنیوں کے ساتھ کئے گئے معاہدوں کی پاسداری کریں گے ، چین کی پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری قابل تحسین ہے ۔

 اسلام آباد میں چینی چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین کی ترقی دنیا کے لیے مثال ہے ، چین نے مجموعی طور پر پاکستان کے توانائی کے شعبے میں 20 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری کی ہے اور ملک میں توانائی کے شعبے کو مکمل طور پر تبدیل کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں نے 9 ہزار میگاواٹ کی بجلی پیدا کرنے میں مدد دی ہے ، چین کی جانب سے گزشتہ ایک دہائی میں سستی بجلی فراہم کرنے جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری قابل تحسین ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ قابل تجدید توانائی کے ذرائع میں سرمایہ کاری کی ہے جو سی پیک فیز 2 کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری (سی پیک ) فیز 1 میں ملک میں انفرااسٹرکچر بنانے پر کام کیا گیا جبکہ سی پیک فیز 2 میں اس انفرااسٹرکچر کو برو ئے کار لایا جائیگا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے ، پچھلے چند ماہ میں پاکستانی کرنسی میں استحکام آیا ہے ، ملکی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اگلے دو ہفتوں میں 11 بلین ڈالرز تک پہنچ جائیں گے ۔ چین کی جانب سے پاکستان میں سی پیک اور توانائی کے منصوبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں