سیاسی گدھ کسی بچی کا کندھا استعمال نہ کریں :عظمٰی بخاری
لاہور (سیاسی نمائندہ ، دنیا نیوز)صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے نجی کالج کے معاملے کو جان بوجھ کر اچھالا جارہا ہے ، بچی کے والدین نے تصدیق کی ہے کہ ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔
پنجاب اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اس نام کی کالج میں تین بچیاں تھیں، ہم تینوں کے گھروں میں گئے ، والدین انکاری ہیں کہ ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا، گارڈ کو حراست میں لیا ہوا ہے ، سوشل میڈیا پر ریپ کا نام لیتے ہوئے خدا کا خوف نہیں آتا؟ صوبائی وزیر نے کہا کہ بغیر کسی ثبوت کے کیمپس سیل کر دیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کمیٹی بنادی ہے جو 48گھنٹے میں رپورٹ پیش کرے گی، اپنی گندی سیاست کیلئے کسی بچی کا کندھا استعمال نہ کریں، یہ سیاسی گدھ ہیں ان کو بس اپنی گندی سیاست کیلئے لاشیں چاہئیں۔ علاوہ ازیں اے ایس پی ڈیفنس لاہور شہر بانو نقوی نے پروگرام آن دی فرنٹ میں بتایا کہ مذکورہ بچی کے والد کا کہنا ہے کہ میڈم میری چار اور بچیاں ہیں ، اس کی دو کزن بھی اسی کالج میں پڑھتی ہیں ، پولیس اس معاملے پر بہت حساس ہے ، اگر کوئی ایسا واقعہ ہوتا ہے تو فوراً رپورٹ درج ہوتی ہے ۔