گجرات:کتوں نے دوسالہ بچے پر حملہ کرکے ہلاک کردیا

گجرات:کتوں نے دوسالہ بچے پر حملہ کرکے ہلاک کردیا

گجرات(سٹی رپورٹر )میونسپل کارپوریشن گجرات کی نااہلی اور سستی سے ریلوے سٹیشن کے گوداموں کے قریب 25 کتوں نے دوسالہ بچے پر حملہ کرکے ہلاک کردیا ۔

ریلوے سٹیشن کے قریب پرانے گوداموں میں رہائش پذیر فیملی کے اڑھائی سالہ قاسم عباس پر آوارہ کتوں نے حملہ کر کے اسے ہلاک کردیا ،گزشتہ رات بچے کی والدہ پانی بھرنے کے لیے سامنے فلٹر پلانٹ پر گئی جس کے بعد گوداموں کے 25کتوں نے دوسالہ بچے پر حملہ کر کے اسے نوچ ڈالا، آوارہ کتوں نے معصوم بچے کو جگہ جگہ سے کاٹ کھایا جس کے نتیجہ میں بچے کی موت واقع ہو گئی اس وقوعہ کے بعد کوئی ضلعی انتظامیہ کا نمائندہ جائے وقوعہ پر نہ پہنچ سکا اور نہ میونسپل کارپوریشن کے چیف آفیسر اور عملہ وقوعہ پر پہنچ سکا،مقامی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تمام شواہد اکٹھے کیے ، یاد رہے کہ میونسپل کارپوریشن گجرات کی کتا مار ٹیم صرف فرضی کارروائی ڈال کر ڈی سی گجرات اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کو سب اچھے کی رپورٹ پیش کرتی ہے حالانکہ ایسا کچھ بھی نہیں ہے ریلوے روڈ پر آوارہ کتوں کی بہتات ہے آئے روز آوارہ کتے راہ گیروں پر حملے کرکے ان کو زخمی کرتے ہیں چند ماہ قبل آوارہ کتوں نے بکریوں پر حملہ کر کے ان کو چیر پھاڑ دیاتھا۔دریں اثنا گجرات انتظامیہ نے آوارہ کتوں کے حملے سے جان بحق ہونے والے خانہ بدوش بچے کے ورثا کی دادرسی کرنے کی بجائے انکی چھت ہی چھین لی، گجرات سے بے دخل کردیا،تحصیلدار گجرات عامر عدنان گوندل کی سربراہی میں ریونیو ٹیم نے کتوں کے حملے سے جاں بحق ہونے والے اڑھائی سالہ قاسم عباس کی فیملی کو ریلوے سٹیشن اولڈ مسافر خانے سے بے دخل کردیا اس حوالے سے تحصیلدار گجرات عامر عدنان گوندل کا کہنا تھا کہ ریلوے پولیس چوکی گجرات کے ملازمین مبینہ طور پر پیسے لیکر خانہ بدوشوں کی فیملز کو سرکاری مسافر خانے میں جھگیاں لگانے کی اجازت دیتے ہیں اسی وجہ سے یہ واقعہ رونما ہوا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں