بانی پی ٹی آئی سے جیل میں سلوک پرسپریم کورٹ جانے کا اعلان
راولپنڈی (خبر نگار)بانی پی ٹی آئی کے عارضی ترجمان شعیب شاہین نے عمران خان کیساتھ انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا ۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب شاہیں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ملاقات میں بتایا کہ ملاقاتوں پر پابندی کے پہلے دس دن چھوٹے سے کمرے میں بند رکھا گیا اور اگلے دس دن صرف ایک گھنٹہ باہر نکلنے کی اجازت تھی ۔فیملی اور وکلا سے بھی نہیں ملنے دیا گیا۔بانی کا کہنا ہے کہ نوازشریف ،شہباز شریف اور ذرداری کو 40 ،40 لوگ ملتے تھے انھیں گھر کے کھانے سمیت ایئر کنڈیشنر کمرے ملے تھے ۔قاضی فائز عیسیٰ کے متعلق ان کا کہنا تھا اس نے تو جسٹس منیر کی بھی یاد کو بھلا دیا ۔پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کیا ہے کہ احتجاج کی حکمت عملی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے درست نہیں بنائی ۔انہوں نے نئی احتجاجی کمیٹی بنانے کی ہدایت کر دی ، شیر افضل نے کہا کہ بانی نے کچھ فیصلے کیے ہیں جو سلمان اکرم راجہ بتائیں گے ، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر ملٹری کورٹس بن جاتے ہیں تو مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔