قطر 3ارب ڈالر سرمایہ کاری کریگا:وزیر اطلاعات
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،دنیا نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے حکومتی کاوشوں سے معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے ، قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، سعودی عرب نے سرمایہ کاری کو 2.8 ارب ڈالر تک توسیع دے دی جبکہ سعودی فاسٹ فوڈ چین ‘البیک’ پاکستان آرہی ہے ۔
عطااللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب اور قطر کا تفصیلی احوال بیان کیا۔انہوں نے کہا دورہ سعودی عرب میں ملاقاتیں تعمیری اور نتیجہ خیز رہیں، وزیراعظم کے سعودی عرب اور قطر کے دورے اہمیت کے حامل تھے ، اللہ کا شکر ہے معیشت بحالی کی پٹڑی پر چڑھ چکی ہے ، قطری سرمایہ کاری سے پاکستانی معیشت کو سپورٹ ملے گی۔ان کا کہنا تھا سعودی وزیر سرمایہ کاری کے دورہ پاکستان میں 27 معاہدوں پر دستخط ہوئے مگر اب دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں کی تعداد 27 سے بڑھ کر 34 ہوگئی ہے ، دونوں ممالک نے معیشت اور سرمایہ کاری میں اضافے پر اتفاق کیا، ملکی معیشت کی بحالی اور استحکام میں سعودی عرب کا اہم کردار رہا ہے ۔وزیر اطلاعات نے ایک سوال پر بتایا منارا کا معاملہ خوش اسلوبی سے آگے بڑھ رہا ہے ، سعودی فاسٹ فوڈ چین البیک پاکستان آرہی ہے ، کمپنی نے اپنی سپلائی چین پر کام شروع کردیا ہے ، تمام شعبوں میں تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے ، تفصیلات وقت آنے پر سامنے لائیں گے ۔
عطا اللہ تارڑ نے ایک سوال پر کہا خیبرپختونخوا میں جلد عوام صوبائی حکومت کا گریبان پکڑیں گے ، ماضی میں پی ٹی آئی کی ہی صوبائی حکومت نے طالبان کو واپس بلایا اور اس وقت کے وزیر اعظم نے نیشنل ایکشن پلان پر ایک بھی اجلاس نہیں کیا اور اب یہ حکومت ملزموں کا استقبال کر رہی ہے اور انسداد دہشت گردی پر ان کی کوئی توجہ نہیں ، ایک مذاق سا بن گیا ہے ، وفاق نے پہلے بھی تعاون کی پیشکش کی تھی اور اب بھی ساتھ مل کر لڑنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا علی امین غیر سنجیدہ وزیر اعلیٰ ہیں وہ صوبے کے معاملات نہیں چلا پا رہے ، خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں فوجی اور سویلین دونوں شہید ہو رہے ہیں لیکن غیر سنجیدہ وزیر اعلیٰ کو کسی چیز کی بالکل پروا نہیں ۔عطا تارڑ نے کہا وزیراعظم سکیورٹی کے حوالے سے باخبر رہتے ہیں اور سکیورٹی ایجنسیوں سے مشاورت بھی جاری رہتی ہے ، دہشت گردی کا تدارک حکومت کی ذمہ داری ہے ، حکومت دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے عزم پر قائم ہے ۔ وزیر اطلاعات نے کہا خیبرپختونخوا کے حالات میں امن و امان کے حوالے سے نااہلی دکھائی جارہی ہے ، صوبے کے عوام کو ان کے حق سے محروم کیا جارہا ہے ، صوبے کے عوام کا تحفظ کرنے میں ان کی حکومت ناکام ہوچکی ہے ، خارجہ پالیسی صوبے کا کام نہیں ، وزیر اعلیٰ کو چاہیے اپنے کام پر توجہ دیں اور وفاق کو اپنا کام کرنے دیں۔
دوحہ،اسلا م آباد (اے پی پی،نامہ نگار) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر قطرکی نمایاں کاروباری شخصیات نے پاکستان میں توانائی اور انفراسٹرکچرسمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے قطر بزنس مین ایسوسی ایشن (کیو بی اے )کے وفد نے شیخ فیصل بن قاسم الثانی کی سربراہی میں جمعہ کو ملاقات کی ۔ وفد میں قطر کی سرکردہ کاروباری شخصیات جن میں المنا گروپ کے وائس چیئرمین اور سی ای او سعود بن عمر بن حمد المنا ، منائی کارپوریشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرخالد احمد المنائی،چیئرمین ایم ای این اے اور ڈوئچے بینک کے چیف کنٹری آفیسر صلاح محمد جیدہ، منصور جاسم الثانی گروپ کے چیئرمین شیخ منصور بن جاسم الثانی، بلیو سیلون کے سی ای او نبیل ابو عیسیٰ اور ڈائریکٹر سینڈین گروپ یوسف ابراہیم المحمود سمیت معیشت کے اہم شعبوں کے با اثررہنما شامل تھے ۔ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لئے مشترکہ اہداف کی نشاندہی پر زور دیا گیا۔ وزیر اعظم نے قطرکے کاروباری رہنمائوں کو سرمایہ کاری کی باضابطہ دعوت دیتے ہوئے توانائی، انفراسٹرکچر اور دیگر اہم اقتصادی پراجیکٹس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔
وفد نے وزیر اعظم کی دعوت کا مثبت جواب دیتے ہوئے پاکستان کے توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔ وزیر اعظم اور قطری وفد نے اقتصادی استحکام اور ترقی کو تقویت دینے کے لئے دوطرفہ تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔دریں اثناء ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے وزیراعظم کے دورہ قطر کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور قطر نے علاقائی اور عالمی چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کے لیے مسائل کے پرامن حل اور تعاون پر مبنی کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات میں باہمی تعاون کو مزید بڑھانے اور نئے افق تلاش کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کے دوروں کے مسلسل تبادلوں کی اہمیت پر اتفاق کیاہے ۔اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے امیری دیوان دوحہ میں ملاقات کی جہاں امیر قطر نے وزیر اعظم اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا استقبال کیا۔قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے بھی شہباز شریف سے ملاقات کی۔دونوں فریقین نے باہمی افہام و تفہیم، تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے اعلیٰ سطحی دوروں کے تبادلے کو جاری رکھنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔وزیراعظم شہباز شریف اپنا دورہ سعودی عرب و قطر مکمل کرکے جمعہ کو اسلام آباد واپس پہنچ گئے ۔