فائنل راؤنڈ کی تیاری،ملک بند کرنے کیلئے 9نومبر کو صوابی میں لائحہ عمل دینگے:علی امین گنڈا پور
راولپنڈی(خبرنگار،مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ8نومبر کو پشاور میں جلسہ ختم کردیا، اب 9نومبر کو صوابی میں اجتماع کرینگے ،جہاں ملک کو بند کرنے کیلئے لائحہ عمل دیاجائے گا۔
یہ ہماری آخری کال ہوگی، لوگ اپنے گھروں میں بتا کر آجائیں۔ پی ٹی آئی ذرائع کا کہناہے کہ صوابی میں جلسے کی بجائے 3دن دھرنا دیاجائے گا ۔تفصیلا ت کے مطابق علی امین گنڈاپورنے بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں سوا گھنٹے طویل ملاقات کی اور جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے کہابانی پی ٹی آئی سے بڑے عرصے بعد ملاقات ہوئی ،انکے ساتھ جیل روا رکھا جارہا سلوک قابل مذمت ہے ، خبر دار کررہا ہوں یہ رویہ قابل برداشت نہیں ۔ہم نے پلان بناکر کام شروع کردیا ہے ،فائنل کال کیلئے تیار ہیں حکومت سے جان چھڑانی پڑے گی، 9نومبرکو صوابی میں بڑا اجتماع کرینگے ،پورے ملک سے لوگوں کو جمع کرینگے اور فائنل کال دینگے ۔ حکومت سمیت سب کو وارننگ دے رہے ہیں اب حالات ناقابل برداشت ہیں۔
ہر بندہ تجزیہ نگار بنا ہوا ہے کہ ڈیل ہوگئی،میرا پارٹی ورکرز کو پیغام ہے ڈیل نہیں ہورہی یہ لوگ آپ کو کنفیوز کریں گے ۔ وزیر اعلیٰ ہوں ، اتھارٹی سے اسلام آباد آیا ہوں مشنری بھی لایا ہوں۔ ہم گورنر راج سے نہیں ڈرتے ،میرے مذاکرات ہوتے رہے ہیں،جب سے بانی نے کہا مذاکرات نہیں ہونگے تب سے نہیں ہورہے ۔میری آفیشل میٹنگز میں بات ہوتی رہتی ہے ،ہم نے پانی پت پر17 حملے کئے ،یہاں تو ابھی صرف دو کئے ہیں۔ ہم پرامن تھے اور رہیں گے لیکن پر امن رہ کر ہماری پارٹی اور ہمارے لیڈر کے ساتھ جو سلوک کیا گیا وہ ناقابل برداشت ہے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے صوابی میں ٹینٹ ویلیج آباد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پی ٹی آئی رہنما ارباب عاصم نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہا پشاور میں 8 نومبر کو شیڈول جلسہ منسوخ کرنے کی تصدیق کرتاہوں ، اب صوابی میں ٹینٹ ویلیج لگایا جائے گا جس میں ملک بھر سے ورکرز شریک ہوں گے ۔