تحریک انصاف کے اندر یکسوئی نہیں : تھنک ٹینک
لاہور ( دنیا نیوز )تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ صوابی کے جلسہ میں جو قرار داد پیش ہو گی اس کی اتنی اہمیت ہو گی جو کسی سیاسی جماعت کے جلسے کی ہوتی ہے۔
سیاسی جماعت اپنے جلسے میں جو چاہے قرار داد پاس کرائے ،دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘تھنک ٹینک ’’میں میزبان مریم ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے حسن عسکری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا مسئلہ یہ ہے کہ پی ٹی آئی کے اندر یکسوئی نہیں ہے کہ حکمت عملی کونسی بنانی ہے ، پی ٹی آئی کا حکومت کو گرانے کا احتجاج ہے تواس کیلئے دیگر سیاسی جماعتوں کی سپورٹ کی ضرورت ہے ،مجھے نہیں لگتا ہے کہ دیگر سیاسی جماعتیں سپورٹ کریں۔دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی جو صوابی میں جلسہ کرنے جارہی ہے ،میں نہیں سمجھتا یہ آخری کال ہو گی،صوابی میں جلسہ رکھنے کا اعلان وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کیا تھا، جس انداز میں انہوں نے سخت الفاظ سے اعلان کیا تھا اب اس میں وہ تلخی، تنائونظر نہیں آرہا۔تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس کاکہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی جلسے میں فائنل کال دے بھی دے تو اس سے کچھ نہیں ہوگا، تجزیہ کار امتیاز گل کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا اس وقت احتجاج کرنا ، مجھے مقصد سمجھ نہیں آرہا،کیونکہ پی ٹی آئی میں یکسوئی نہیں ہے ، دوسری بات یہ ہے کہ پارٹی کے اندر تقسیم ہے ۔